قدس و مغربی کنارہ بدستور قابض رژیم کے گلے کی ہڈی بنے رہینگے، حماس
23 Dec 2024 21:31
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مغربی کنارے میں مزاحمت کبھی نہیں رکے گی اور ہم مزاحمت کی شدت میں مزید اضافہ کرینگے، فلسطینی مزاحمتی تحریک نے اعلان کیا ہے قدس شریف و مغربی کنارے سمیت تمام مقبوضہ علاقے قابض صیہونی رژیم کے گلے کی ہڈی بنے رہینگے!
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ مغربی کنارے میں مزاحمت جاری و ساری رہے گی جبکہ قابض صیہونی رژیم کی دہشتگردی اور اس کے سخت حفاظتی اقدامات، مزاحمت کو کسی صورت روک نہیں سکتے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں حماس نے تاکید کی کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع صیہونی چیک پوسٹ پر سرد ہتھیاروں کے ذریعے انجام پانے والی مزاحمتی کارروائی؛ غزہ کی پٹی میں ہمارے عوام کے خلاف جاری وسیع قتل عام و تباہی پر مبنی قابض صیہونی رژیم کی انسانیت سوز جنگ، مقبوضہ مغربی کنارے میں جبری نقل مکانی کے گھناؤنے صیہونی منصوبوں اور غیر قانونی یہودی بستیوں پر مبنی صیہونی آبادکاروں کے تجاوزات خاص طور پر ہیکل گروپس کی جانب سے مسجد اقصی کی بیحرمتی پر ایک فطری ردعمل ہے۔
اپنے بیان میں حماس نے مزید کہا کہ یہ مزاحمتی کارروائی غاصب صیہونی رژیم کی انتہا پسند کابینہ اور اس کے شر پسند وزراء کے لئے ایک واقع پیغام کی حامل ہے کہ بیت المقدس، مغربی کنارہ، 1948ء کے مقبوضہ علاقے اور فلسطین کا پورا علاقہ غاصب صیہونیوں اور ان کے استعماری منصوبوں کے لئے گلے کی ہڈی بنے رہیں گے۔ حماس نے کہا کہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں مزاحمت کو زندہ دفن کر دینے سمیت الحاق اور ہمارے عوام کی جبری نقل مکانی پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کی تمام گھناؤنی کوششیں بری طرح سے ناکام رہیں گی۔ اپنے بیان کے آخر میں حماس نے مزید تاکید کی کہ ہم مزاحمت کی شدت کو مزید بڑھاتے ہوئے قابض قوتوں کو اپنی سرزمین و مقدس مقامات سے بے دخل کر دینے تک؛ پہلے سے زیادہ دردناک کارروائیاں اور مزید شدید مزاحمتی آپریشن انجام دیتے رہیں گے!
خبر کا کوڈ: 1180021