جب تک یہودی فلسطین میں ہیں، امن قائم نہیں ہو سکتا، عبدالغفور حیدری
دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پیچھے امریکا ہوتا ہے، رہنما جے یو آئی
22 Dec 2024 18:58
لاہور میں ‘‘فلسطین زندہ باد‘‘ کانفرنس سے خطاب میں مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جے یو آئی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے، نیتن یاہو نے غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے، امریکا عالمی دہشت گرد ہے، جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پیچھے امریکا ہوتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ جب تک یہودی فلسطین میں ہیں، تب تک امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مولانا عبدالغفورحیدری کا مسلم ٹاون موڑ لاہور میں فلسطین زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلسطین انبیا کی سرزمین ہے، فلسطین پر اسرائیل نے سازش کے تحت قبضہ کیا ہوا ہے، فلسطینی مسلسل مزاحمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے، نیتن یاہو نے غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے، امریکا عالمی دہشت گرد ہے، دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پیچھے امریکا ہوتا ہے۔
مرکزی رہنما جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ 52 اسلامی ممالک آج تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کرا سکے، جب تک یہودی فلسطین میں موجود ہیں، تب تک امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مدارس بل پر ہمارے بھائیوں کو ٹی وی چینل پر لا کر بٹھایا گیا، اگر وہ ہمارے ساتھ آتے ہیں تو بسم اللہ، ادھر جاتے ہیں تو ان کی مرضی، ہمارے موقف کو اتفاق رائے سے تسلیم کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ یوٹرن لیتے ہیں تو پھر اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر رخ کرے گا، ان کو ہماری قوت کا پتہ ہے، آج بلوچستان اور خیبرپختونخوا جل رہے ہیں، ملک میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1179818