QR CodeQR Code

سید عباس عراقچی کی اسرائیلی جارحیت سے مقابلہ کیلئے اسلامی ممالک کی یکجہتی پر تاکید

18 Dec 2024 23:02

قاہرہ میں D8 ممالک کے اجلاس کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کیساتھ ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ، لبنان و شام کیخلاف غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت و گھناؤنے جرائم سے نمٹنے کیلئے بڑے اسلامی ممالک کے درمیان اتفاق رائے و ہم آہنگی کی ضرورت پر تاکید کی ہے


اسلام ٹائمز۔ ملائیشیا کے وزیر برائے اعلی تعلیم زمبری عبدالقادر نے اپنے وفد کے ہمراہ آج ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی ہے۔

قاہرہ میں D8 اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان استوار اچھے و دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران کے خلاف عائد مغرب کی ظالمانہ پابندیوں کے باوجود سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی پر روشنی ڈالی اور دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت، صنعت و تجارت کے شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کیا۔ سید عباس عراقچی نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نئے دور کے انعقاد اور باہمی معاہدوں و مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد سے، ہم باہمی تعلقات میں مزید توسیع کا مشاہدہ کریں گے۔

خطے میں رونما ہونے والی حساس تبدیلیوں کے اہم لمحات میں ڈی 8 ممالک کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ، لبنان و شام کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کی گھناؤنی جارحیت و انسانیت سوز جرائم سے مقابلے کے لئے اہم اسلامی ممالک کے درمیان اتفاق رائے و ہم آہنگی پر تاکید کی اور اسے انتہائی ضروری قرار دیا۔

ادھر ملائیشیا کے وزیر برائے اعلی تعلیم نے بھی ایران و ملائیشیا کے درمیان دیرینہ و اچھے تعلقات کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تعلیمی و یونیورسٹی سطح کے باہمی تعلقات میں توسیع پر مبنی اپنے ملک کی خواہش و کوششوں پر تاکید کی۔ زمبری عبدالقادر نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کے لئے ملائیشیا کی حکومت و عوام کی خصوصی کوششوں پر بھی زور دیا اور فلسطینی عوام کی حمایت کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان اتفاق رائے و مشورت کو اہم قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 1179122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179122/سید-عباس-عراقچی-کی-اسرائیلی-جارحیت-سے-مقابلہ-کیلئے-اسلامی-ممالک-یکجہتی-پر-تاکید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com