پاراچنار میں دہشتگردوں کیخلاف فوری آپریشن کیا جائے، انجمن امامیہ گلگت بلتستان
21 Nov 2024 23:20
انجمن کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ہم اس موقع پر پاراچنار کے مومنین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اْن کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس ظلم کے خلاف کھڑے ہیں۔ اس سانحہ کے حوالے سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا جاتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاراچنار میں شیعہ مسافروں پر حملہ جس کے نتیجے میں 30 سے زائد مومنین شہید اور بہت سارے زخمی ہوئے جو کہ سراسر ظلم، بربریت، سفاکیت اور درندگی ہے، دہشتگردی کے یکے بعد دیگرے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ساتھ ہی سازش کاروں، دہشتگردوں اور سہولتکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انجمن کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پارا چنار میں مومنین پر تسلسل کے ساتھ دہشتگرادانہ حملے ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ ملک کے اندر ہزاروں ملت جعفریہ کے شہداء کی قربانیوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1173977