ہم اسرائیل کیخلاف بھرپور مزاحمت جاری رکھینگے، نبیہ بری
9 Nov 2024 18:08
مکتب نصراللہ کے عنوان سے تہران میں منعقد ہونیوالی عالمی کانفرنس میں پیغام ارسال کرتے ہوئے لبنانی اسپیکر پارلیمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ ہم اپنی سرزمین و خودمختاری کے کسی بھی حصے پر اسرائیلی جارحیت اور اسکے تجاوزات کیخلاف اپنی مزاحمت کو مضبوطی کیساتھ جاری رکھینگے اور جبتک دشمن کے تجاوزات کو روک نہیں دیا جاتا، تب تک سب کچھ بہادر سورماؤں کے ہاتھ اور عزم کیساتھ میدان میں باقی رہیگا!
اسلام ٹائمز۔ لبنانی اسپیکر پارلیمنٹ نبیہ بری کی جانب سے تہران میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی مکتب نصر اللہ کانفرنس میں ارسال کردہ پیغام آج ایران میں تحریک امل کے نمائندے صلاح فحص نے کانفرنس میں پڑھ کر سنایا۔
اس پیغام میں شہید سید حسن نصر اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نبیہ بری کا کہنا تھا کہ ہمارا اعتماد مزاحمتکاروں کے بازوؤں پر ہے جو ضرور بالضرور فتح حاصل کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ شہید سید حسن نصر اللہ، امام سید موسی صدر کے شاگردوں میں سے ہیں کہ جن کا عقیدہ تھا کہ لبنان دنیا کی تہذیبی ضرورت ہے اور اگر خدا نہ کرے، یہ سقوط کر گیا تو تمام لوگ ستم کا شکار ہو جائیں گے۔ نبیہ بری نے لکھا کہ یہ ملک جس پر ہمیں فخر ہے، تمام فرقوں کے تمام لوگوں کا وطن ہے جو 40 دن سے زائد کے عرصے سے ایک تباہ کن جنگ کا شکار ہے، جس طرح فلسطین اور غزہ کی پٹی میں ہمارے خاندان 13 ماہ سے زائد کے عرصے سے اس کی زد میں ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اس جنگ کا مقصد جنوبی لبنان، بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافات کہ جن میں ڈیڑھ ملین سے زائد لوگ آباد ہیں اور ان میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں، کو ان کے گھروں سے نکال باہر کرنا اور الگ تھلگ کر دینا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1171635