تہران میں سید عباس عراقچی سے حزب الله کے نمائندے کی ملاقات
1 Sep 2024 16:51
سید عبد الله صفی الدین سے اپنی ایک ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صیہونی رژیم کے غاصبانہ قبضے کیخلاف خطے کے عوام اور مقاومت کی جائز و قانونی جدوجہد کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله" کے تہران میں نمائندے "سید عبد الله صفی الدین" نے ابھی کچھ ہی دیر قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید عبد الله صفی الدین نے وزارت خارجہ میں سید عباس عراقچی کی تعیناتی پر حزب الله کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر الله" کی جانب سے مبارک کا پیغام پہنچایا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ جس کے جواب میں سید عباس عراقچی نے بھی نہایت گرمجوشی سے حزب الله کے سربراہ کے مبارک بادی پیغام کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سلام بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کے غاصبانہ قبضے کے خلاف خطے کے عوام اور مقاومت کی جائز و قانونی جدوجہد کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔ اس ملاقات میں لبنان میں اسرائیل مخالف محاذ سمیت فلسطین، غزہ اور مغربی کنارے کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1157492