QR CodeQR Code

قائد اتحاد مرحوم مولوی عباس انصاری کی دوسری برسی پر سرینگر میں سیمینار

29 Oct 2024 21:19

مقررین نے مولانا محمد عباس انصاری کو عہد ساز شخصیت قرار دے کر انکی مجاہدانہ زندگی کو کشمیری قوم کیلئے رول ماڈل قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ قائد اتحاد اسلامی، بانی مدینہ پبلک اسکولز کشمیر اور بے لوث حریت لیڈر مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کی دوسری برسی کے سلسلے میں آج ڈونی پورہ علمگری بازار سرنیگر میں ایک سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں وادی کی ممتاز شخصیات کے علاوہ دانشوروں اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے قائد اتحاد کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی تلاوت قاری معراج الدین صوفی نے کی۔ سیمینار میں مفتی اعظم کشمیر مفتی ناصر الاسلام کے علاوہ مولانا خورشید احمد قانونگو، ممتاز صحافی یوسف جمیل، مولانا شمس الرحمان شمس، آغا سید اعجاز رضوی، مولانا مشتاق احمد اور دیگر علماء کرام و دانشور حضرات نے شرکت کی جنہوں نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی وفات کو کشمیری قوم کے لئے ایک بڑا خسارہ قرار دیا۔

مقررین نے مولانا محمد عباس انصاری کو عہد ساز شخصیت قرار دے کر ان کی مجاہدانہ زندگی کو کشمیری قوم کے لئے رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مولوی عباس انصاری کی پوری زندگی انسانیت کی خدمت بالخصوص ستم زدہ ملت کشمیر کی ہمدردی و غمخواری سے معمور تھی جن کھٹن حالات میں مرحوم نے کشمیری عوام کی سیاسی سماجی علمی اور دینی ترجمانی کی وہ سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اتحاد بین المسلمین کے عظیم علمبردار تھے جنہوں نے مسلک سے بالاتر اسلام و مسلمین اور انسانیت کے لئے دن رات کام کیا جس کا ثمرہ آج وادی میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مرحوم مولوی محمد عباس انصاری کے مشن کو جوش و جذبہ کے ساتھ آگے بڑھانے اور جاری و ساری رکھنے کا عہد کیا۔

مولانا مسرور عباس انصاری نے اس موقعہ پر میرواعط کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو نظر بند رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی و اخلاقی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ میرواعظ عمر فاروق کو سیمینار میں شرکت سے روکنا لاقانونیت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ اس دوران مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام ،مولانا شمس الرحمان شمس اور اتحاد المسلمین کی جملہ قیادت نے میرواعظ عمر فاروق کی نظر بندی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ واضح رہے میرواعظ کشمیر کو اس سیمینار میں شرکت کرنی تھی لیکن انتظامیہ نے انہیں نظر بند کرکے سیمینار میں شرکت کرنے سے روکا۔


خبر کا کوڈ: 1169533

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/1169533/1/قائد-اتحاد-مرحوم-مولوی-عباس-انصاری-کی-دوسری-برسی-پر-سرینگر-میں-سیمینار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com