سندھ کا ہر محکمہ بھتہ لیتا ہے، بھتے کی رقم پیپلز پارٹی کے وزیروں تک جاتی ہے، علی خورشیدی
31 Jan 2025 18:51
ایم کیو ایم اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ قیادت پر بات ہوگی تو خطرناک ری ایکشن آئے گا، بلاول کی وزارتِ عظمی کا دروازہ ایم کیو ایم سے ہوکر گزرے گا، ہمارے پاس سے جانے والے لوگ بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی میں کیا چل رہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں اپویشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھ کا ہر محکمہ بھتہ لیتا ہے، بھتے کی رقم وزیروں تک جاتی ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ لیاری گینگ وار کو لوگ نہیں بھولے، شناختی کارڈ دیکھ کر ٹکڑے کیے جاتے تھے، پیپلز پارٹی میں ننھے منے ترجمانوں کا مقابلہ چل رہا ہے۔ علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی مرکزی قیادت اور چیئرمین نے پریس کانفرنس کی، 17 سالوں سے قائم پیپلز پارٹی کی حکومت کے بارے میں بتایا، کرپشن اور نااہلی کے بارے میں سب کو بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس پر سندھ حکومت کے 10 روپے کے 12 ترجمان بول پڑے، قیادت کسی بھی جماعت کی رول ماڈل ہوتی ہے، 100 روپے کے 22 اسپیشل اسسٹنٹس اور ترجمانوں نے ہماری قیادت کو ٹارگٹ کیا، پیپلز پارٹی کے پاس بتانے کو کچھ نہیں، اس لیے ہماری قیادت پر حملہ کیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ایک سینئر وزیر کہہ رہے تھے کہ ایم کیو ایم کو اہمیت نہیں دیتے، ایم کیو ایم کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی حکومت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کچھ عرصہ پہلے کہا کہ ان کے گھر پانی نہیں اور اب تک وہاں پانی نہیں آتا، یہ اتنے نااہل ہیں کہ اپنے چیئرمین کے گھر پانی کی فراہمی بحال نہ کرسکے۔ علی خورشیدی نے کہا کہ پہلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی اچھا کام کرے گی تو ساتھ دیں گے لیکن ایک سال میں کچھ بھی نہیں بدلا مسائل جوں کے توں ہیں، جہاں ضرورت پڑے احتجاج ہوگا، سندھ کے عوام کی فلاح کے لیے کوئی کام نہیں ہو رہا، کیا صحت اور تعلیم کا نظام بہتر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت پر بات ہوگی تو خطرناک ری ایکشن آئے گا، بلاول کی وزارتِ عظمی کا دروازہ ایم کیو ایم سے ہوکر گزرے گا، ہمارے پاس سے جانے والے لوگ بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی میں کیا چل رہا ہے۔ علی خورشیدی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے پیپلز پارٹی جوائن کرلی لیکن وہ ہمارے ہیں، لیاری گینگ وار نہیں بھولے ان کو اسلحہ لائسنس کس نے دیئے سب کو پتہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1187821