QR CodeQR Code

ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد

29 Jan 2025 21:33

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ کئی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پْرعزم ہیں۔

ایران کے صوبائی گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ آج ہم کئی معاہدوں پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایرانی گورنر سے اپنے کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کروایا۔ ایرانی گورنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایران کے ثقافتی تعلقات بہت واضح ہیں اور اس کی مثال علامہ اقبال اور دیگر شاعروں کی فارسی میں شاعری ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم جزو ہے۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے یاد دلایا کہ سندھ کی ایک زمانے میں سرکاری زبان فارسی تھی، جو دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی گواہی دیتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1187423

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1187423/ایران-کے-صوبہ-خراسان-رضوی-گورنر-ڈاکٹر-غلام-حسین-مظفری-کی-وزیراعلی-ہاؤس-آمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com