وادی کشمیر کی خانقاہ حیدری میں یوم مولود کعبہ (ع) پر محفل جشن کا انعقاد
14 Jan 2025 21:21
اسلام ٹائمز: محفل سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پیر سمیر صدیقی شافعی نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام ہماری مشترکہ میراث ہیں اور تمام مسلمانوں کو ایسی مناسبتوں پر متحد ہو کر محافل و مجالس کا اہتمام کرنا چاہیئے اور دنیا کو پیغام دینا چاہیئے کہ ہم متحد ہیں اور اہل بیت (ع) ہی ہمارے اتحاد کے محور و مرکز ہیں۔
رپورٹ: جاوید عباس رضوی
جموں و کشمیر کے ضلع انت ناگ میں خانقاہ حیدری کے زیراہتمام حضرت امام علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر مولود کعبہ (ع) کی محفل جشن منعقد ہوئی۔ محفل میں شیعہ و سنی علماء کرام، مفتیان کرام، شعراء اور دانشوروں نے شرکت کی۔ محفل میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کرکے مولائے کائنات حضرت علی (ع) کی تئیں اپنے عقیدت کا اظہار کیا۔ خانقاہ حیدری سالہا سال سے اہل بیت علیہم السلام کی ولادت اور شہادت کی مناسبت پر محافل و مجالس کا اہتمام کرتا آیا ہے۔ محفل جشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پیر سمیر صدیقی شافعی نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام ہماری مشترکہ میراث ہیں اور تمام مسلمانوں کو ایسی مناسبتوں پر متحد ہوکر محافل و مجالس کا اہتمام کرنا چاہیئے اور دنیا کو پیغام دینا چاہیئے کہ ہم متحد ہیں اور اہلبیت (ع) ہی ہمارے اتحاد کے محور و مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانقاہ حیدری بلا تفریق مسلک و مشرب تمام مسلمانوں کے اتحاد کا داعی ہے اور ہمارے پروگراموں میں تمام مسالک کے لوگ شریک ہوتے ہیں اور ملنساری و بھائی چارگی کا درس دیتے ہیں۔ محفل میں ضلع اننت ناگ کے علاوہ کشمیر کے دور دراز سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس دوران خانقاہ حیدری کے منتظم و روح رواں ڈاکٹر پیر سمیر صدیقی نے اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مولائے کائنات کے تئیں اپنے عقیدت کا اظہار کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1184293