ریاست اور حکومتیں فرقوں کو لڑاتی ہیں، مولانا فضل الرحمان
6 Jan 2025 21:58
سوشل میڈیا پر وائرل سربراہ جے یو آئی کی ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کیساتھ ریاستی ادارے اشتعال پیدا کرتے ہیں اور پھر فرقوں کو لڑاتے ہیں، لڑاتے آپ ہیں اور اس کا الزام مدارس کے طالب علموں پر لگاتے ہیں، ان باتوں کو ذرا سمجھنا چاہیے۔
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک مصیبت یہ ہے کہ جب ریاست کو یا حکومتوں کو ضرورت پڑتی ہے، یہ پاکستان میں موجود مختلف مسالک اور فرقوں کے لوگوں کو آپس میں لڑا دیتے ہیں، جس سے فضا خراب ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کیساتھ ریاستی ادارے اشتعال پیدا کرتے ہیں اور پھر فرقوں کو لڑاتے ہیں۔ انہوں نے ریاستی اداروں کو مخاطب کر کے کہا کہ فرقوں کو لڑاتے آپ ہیں اور اس کا الزام مدارس کے طالب علموں پر لگاتے ہیں، ان باتوں کو ذرا سمجھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان بھی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ عرب ملکوں کو خوشنودی حاصل کرنیکے لئے پاکستان میں مخصوص فرقے کا قتل عام کروایا گیا۔ اسی طرح یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ نائن الیون سے پہلے اور بعد میں پاکستان کو امریکہ کی جنگ میں جھونک دیا گیا، جس سے ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور معاشرے اور معیشت کا نقصان ابھی تک جاری ہے۔
خبر کا کوڈ: 1182772