متحدہ علماء محاذ کے تحت یکجہتی فلسطین و کشمیر و لبنان سیمینار
2 Dec 2024 22:19
اسلام ٹائمز: سیمینار میں پاراچنار میں شیعہ سنی مسلمانوں کے ناگہانی قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پاراچنار قاتل کیخلاف وحدت امت کا متقاضی ہے، شیعہ سنی مشترکہ دشمن کو پہچانیں سازشوں کیخلاف بیدار ہوجائیں، وفاقی و KPK کی حکومت پاراچنار کے شہداء، زخمیوں و متاثرین کیلئے فوری معاوضوں کا اعلان کرے، قاتل دہشت گردوں کو بے نقاب، گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائے۔
خصوصی رپورٹ
متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیراہتمام صوبہ سندھ کے صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد کی زیر صدارت انسداد منشیات مرکز جامع مسجد زکریا تیسر ٹاؤن میں یکجہتی فلسطین و کشمیر و لبنان سیمینار میں شریک سرپرست مولانا محمد امین انصاری، مہمانان خصوصی مرکزی صدر حجة الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، مرکزی سینئر وائس چیئرمین حجة الاسلام علامہ محمد حسین مسعودی، مرکزی نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، صاحبزادہ پیر سید محمد عمر شاہ فیروزی سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کا دو ریاستی مجوزہ حل حق و انصاف کا قتل ہے، اقوام متحدہ مسلم حکمران قابض یہودیوں کو نکال کر فلسطینیوں کو ان کا حق دلوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح والا ہی دوٹوک، جرأت مندانہ واضح موقف ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور عالم اسلام کے قلب میں خنجر ہے، غاصب قابض صیہونی ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ فلسطین، غزہ، لبنان، شام پر بمباری، گریٹر اسرائیل کے جارحانہ توسیع پسندانہ منصوبے کا مذموم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کے لئے عظیم قربانیاں و شہادتیں دینے والے حماس و حزب اللہ کے شہداء کو بلاامتیاز رنگ و مسلک خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہدائے فلسطین میں مسلکی بنیاد پر فرقہ واریت پھیلانے والے استعمار کے ایجنٹ ہیں، پاکستان سمیت مسلم حکمران سرکاری سطح پر تمام تر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران، سعودی عرب، پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ سیمینار میں پاراچنار میں شیعہ سنی مسلمانوں کے ناگہانی قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پاراچنار قاتل کیخلاف وحدت امت کا متقاضی ہے، شیعہ سنی مشترکہ دشمن کو پہچانیں سازشوں کیخلاف بیدار ہوجائیں، وفاقی و KPK کی حکومت پاراچنار کے شہداء، زخمیوں و متاثرین کیلئے فوری معاوضوں کا اعلان کرے، قاتل دہشت گردوں کو بے نقاب، گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائے، سانحہ پاراچنار کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کیلئے ٹریبونل تشکیل دیاجائے، امن کو یقینی بنایا جائے، ایران پر امریکی پابندیوں کی مذمت کی گئی۔ دفاع وطن دہشت گردی کے خاتمے و قیام امن کیلئے افواج پاکستان و پولیس کی عظیم قربانیوں و شہادتوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
سیمینار سے مسلم اتحاد فورم پاکستان کے بانی چیئر مین مولانا قاری سید طاہر جمال تھانوی، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، مرکزی جماعت اہلحدیث، تحریک صوبہ ہزارہ سندھ کے رہنما علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، محاذ ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل، پاکستان نظریاتی پارٹی سندھ کے ترجمان مولانا قاری حافظ محمد ابراہیم چترالی، صوبائی رہنما قاری محمد اقبال رحیمی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک، علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی، مولانا رحمت اللہ خلجی نے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر علماء مشائخ نے ہاتھوں میں ہاتھ بلند کرکے فلسطین وکشمیر ،لبنان، شام کے شہداء و افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ملکی امن و استحکام کیلئے دعا کی گئی۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1176221