پی ٹی آئی کے جلسے جلوسوں پر پابندی نہیں، نو مئی دہرانے نہیں دیں گے، شرجیل میمن
15 Nov 2024 00:00
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کس لیے ہے؟ پی ٹی آئی پوری دنیا میں رونا رو رہی ہے، ایکسٹینشن کی شروعات بانی پی ٹی آئی نے کی، بانی پی ٹی آئی انقلاب کے نام پردھوکا دیتے رہے، لنگر خانے قائم کرنے کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پورے ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کے جلسے جلوسوں پر پابندی نہیں لیکن نو مئی دہرانے نہیں دیں گے۔ سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسوں کے غیرقانونی اڈوں کو ہٹا دیا گیا ہے، ریڈلائن اور یلو لائن پرتیزی سے کام جاری ہے، اورنج لائن بی آرٹی منصوبہ مکمل ہوچکا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ فری شٹل سروس شروع کروا دی ہے، ہیوی بسیں شہروں میں آکر ٹریفک جام کا باعث بنتی تھیں، ٹریفک سسٹم بہتر کرنیکی کوشش کی جارہی ہے، دسمبر کے آخر میں گرین لائن بھی سندھ حکومت کے ہینڈ اوور ہوجائیگی۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ سروس شروع ہونے جا رہی ہے، 115 گاڑیاں غیر رجسٹرڈ چل رہی تھیں، 1304 گاڑیاں ڈیفالٹر تھیں، ایک کروڑ 65 ہزار 506 روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اسمبلی میں بل لے کر آئے ہیں جو اسٹینڈنگ کمیٹی میں ہے، بل منظوری کے بعد کوئی غیر رجسٹرڈ گاڑیاں سڑک پر نہیں آسکے گی، نمبر پلیٹ آکشن بھی کامیابی سے جاری ہے، پریمیم نمبر پلیٹ آکشن میں حکومت نے کروڑوں روپے حاصل کیے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پریمیم نمبر پلیٹ آکشن ملنے والے پیسے ہاؤسنگ اسکیم میں لگیں گے، یکم دسمبرکو پریمیم نمبر پلیٹ کا دوسرا آکشن کرنے جا رہے ہیں، پہلا آکشن کیا تھا اب پہلا آن لائن آکشن بھی شروع کردیا، آن لائن آکشن میں 70 ملین سے زائد وصول کیے ہیں۔ شرجیل مین نے کہا کہ آکشن کے ذریعے حکومت کو ریونیو جنریٹ ہورہا ہے، محکمہ داخلہ نے غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف ایکشن شروع کیا، گاڑیوں میں اسلحے کی کھلے عام نمائش کے خلاف ایکشن جاری ہے، ایکشن کی مد میں 20 گاڑیاں پکڑی گئیں، 18 لوگ گرفتار کیے گئے۔
وزیراطلاعت سندھ کا کہنا ہے کہ پکڑی جانے والی گاڑیوں پر جرمانہ کیا، جس کی رقم 15 لاکھ بنتی ہے، اسلحے کی نمائش پر 27 ایف آئی آر، 34 گرفتار، 30 ہتھیاربرآمد ہوئے، پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کس لیے ہے؟ پی ٹی آئی پوری دنیا میں رونا رو رہی ہے، ایکسٹینشن کی شروعات بانی پی ٹی آئی نے کی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی انقلاب کے نام پردھوکا دیتے رہے، لنگر خانے قائم کرنے کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی کے جلسے جلوسوں پر پابندی نہیں لیکن نو مئی دہرانے نہیں دیں گے، املاک کو آگ لگانے اور تخریب کاری کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر کوئی توجہ نہیں دے رہا، بار بار احتجاج کی کال پر سوالات اٹھ رہے ہیں، معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو پی ٹی آئی احتجاج شروع کردیتی ہے، پی ٹی آئی کی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام ہوگی، لندن میں خواجہ آصف کیساتھ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
خبر کا کوڈ: 1172619