QR CodeQR Code

مسافر شہداء کے جنازہ میں کرم کے قبائلی مشران کا بڑا اعلان

کل 7 نومبر کو 10 بجے مین روڈ پر پیدل مارچ ہوگا، انجمن اور تحریک سربراہان کا متفقہ اعلان

6 Nov 2024 16:33

اسلام ٹائمز: کل 5 نومبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے بگن کے قریب ڈاڈ کمر کے پاس مسلح دہشتگردوں نے طوری بنگش قبائل کی مسافر گاڑیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا، جسکے نتیجے میں مشتاق حسین آف پیواڑ اور شلوزان (علی شاری) کے وہاب علی شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ واضح رہے کہ وہاب علی سات سال قطر میں گزارنے کے بعد 20 دن قبل پشاور پہنچے تھے، تاہم راستے بند ہونے کے باعث پشاور ہی میں ٹھہرنے پر مجبور تھے۔ اپنی مجبوری کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے ایک غمگین اور دردناک ویڈیو بھی کی ہے۔


رپورٹ: ایس این حسینی

بگن ڈاڈ کمر میں کل 5 نومبر کو ہونے والے واقعے کے شہداء کی تشیع جنازہ میں آج ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرکزی امام بارگاہ میں تشیع اور نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جنازوں کو ہزاروں افراد پر مشتمل جلوس کے ساتھ پریس کلب پاراچنار لے جایا گیا۔ وہاں جلسے سے صدر تحریک حسینی علامہ سید تجمل الحسینی، سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال حسین بنگش اور سابق سیکرٹری عنایت حسین طوری نے خطاب کیا۔ اس دوران عوام کے جذبات اور احساسات دیدنی تھے۔ عوام مزید انتظار کے متحمل نہیں تھے۔ لہذا قومی مشران آغا تجمل حسینی اور جلال حسین بنگش کو قوم کے جذبات کا لحاظ رکھنا پڑا اور نتیجتاً ایک جذباتی اعلان کر دیا۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمہاری مزید ضرورت نہیں رہی ہے۔ کل صبح 10 بجے صدہ سے ہوکر ٹل پاراچنار روڈ پر وہ پیدل مارچ کریں گے۔ خواہ کوئی مزاحمت کرے، گولی مارے یا کچھ بھی پیش آئے۔ وہ اپنے روٹ اور روڈ پر جا کر ہی دم لیں گے۔ جلوس اور جلسے کے بعد جنازوں کو اپنے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کرکے دفنایا گیا۔

خیال رہے کہ کل 5 نومبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے بگن کے قریب ڈاڈ کمر کے پاس مسلح دہشتگردوں نے طوری بنگش قبائل کی مسافر گاڑیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں مشتاق حسین آف پیواڑ اور شلوزان (علی شاری) کے وہاب علی شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ واضح رہے کہ وہاب علی سات سال قطر میں گزارنے کے بعد 20 دن قبل پشاور پہنچے تھے۔ تاہم راستے بند ہونے کے باعث پشاور ہی میں ٹھہرنے پر مجبور تھے۔ اپنی مجبوری کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے ایک غمگین اور دردناک ویڈیو بھی کی ہے، جس میں انہوں نے فریق مخالف نیز حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تو مسافر ہیں۔ ہمارا کیا جرم ہے۔ ہم نے کوئی قتل کیا ہے، جو حکومت نے ہمیں بچوں سے ملنے سے روک رکھا ہے۔ بالآخر وہ مجبور ہوکر کل بغیر کانوائے کے گاڑی سپیشل کروا کر گھر روانہ ہوئے تو بگن کے قریب ڈاڈ کمر کے مقام پر دہشتگردی کا شکار ہوکر اپنے بال بچوں سے ہمیشہ کیلئے مسافر بن گئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1171072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1171072/مسافر-شہداء-کے-جنازہ-میں-کرم-قبائلی-مشران-کا-بڑا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com