QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی کے لئے بڑی خوشخبری

21 Oct 2024 20:28

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 988 منصوبوں میں سے 346 منصوبوں کے لیے مکمل فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں اور جون 2025ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 269 ارب 24 کروڑ اور 30 لاکھ روپے کے 826 منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کے لیے 62 ارب 14 کروڑ اور 90 لاکھ روپے رواں مالی سال میں رکھے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اہل کراچی کے لیے بڑی خوش خبری ہے کہ  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے لیے 75 ارب 63 کروڑ اور 90 لاکھ روپے کے 162 منصوبوں کی منظوری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ شہر قائد پر مجموعی طور پر 187 ارب اور 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ان منصوبوں کے لیے 14 ارب 80 کروڑ مختص کیے گئے ہیں اور آئندہ سال تک تکمیل کا ہدف ہے جس کے باعث ان منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور توانائی ناصر حسین شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری توانائی مصدق خان، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ اور سیکریٹری قانون علی احمد بلوچ نے شرکت کی۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ کو شہر قائد کےلیے 178 ارب 30 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ترقیاتی پروگرام میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 76 ارب  95 کروڑ اور 20 لاکھ روپے کے 988 منصوبے شامل ہیں۔ 103 ارب  5 کروڑ اور 10 لاکھ روپے کے 6 بڑے منصوبے بیرونی امدادی پروگرام کے تحت بنائے جائیں گے جبکہ 7ا رب 30 کروڑ روپے ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں ہر ایک 50 کروڑ یا اس سے زیادہ کے 87 اہم منصوبے مالی سال 25-2024 کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 988 منصوبوں میں سے 346 منصوبوں کے لیے مکمل فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں اور جون 2025ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 269 ارب 24 کروڑ اور 30 لاکھ روپے کے 826 منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کے لیے 62 ارب 14 کروڑ اور 90 لاکھ روپے رواں مالی سال میں رکھے گئے ہیں۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 75 ارب، 63 کروڑ اور 90 لاکھ کے ایسے 162 منصوبے جن کے لیے رواں مالی سال میں 14 ارب 80 کروڑ اور 30 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، ابھی منظور ہونے باقی ہیں جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر شاہ کو ان منصوبوں کی منظوری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ کام کا آغاز کیا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 1167781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1167781/وزیراعلی-سندھ-کی-زیرصدارت-اجلاس-میں-کراچی-کے-لئے-بڑی-خوشخبری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com