QR CodeQR Code

کوئٹہ میں وحدت امت کانفرنس کے انعقاد کی ویڈیو رپورٹ

14 Oct 2024 19:02

اسلام ٹائمز: وحدت امت کانفرنس کا انعقاد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کیا گیا۔ جس میں جید علمائے کرام، کمشنر کوئٹہ اور مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے بین المذاہب اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے غزہ اور لبنان کے مسلمانوں کی مدد کیلئے وحدت کو ضروری قرار دیا۔


رپورٹ: اعجاز علی
 
تحریک بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں وحدت امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحریک بیداری کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، مسجد قباء کراچی کے خطیب مولانا منظرالحق تھانوی، مرکزی امیر جماعت اہل حدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور منہاج القرآن کے رہنماء غلام اصغر صدیقی نے خصوصی طور پر شرکت کیں، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، جماعت اسلامی کے مولانا عبدالحق ہاشمی، قاری عطاء الرحمان، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ ولایت حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی، جمعیت نظریاتی کے مولانا عبدالقادر لونی، ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل سید مہدی شائقی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات، اہل حدیث کے امام جمعہ مولانا عتیق الرحمان، مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالب کے مدیر علامہ محمد کاظم بہجتی، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ دبیر حسین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات بھی موجود تھے۔

اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی نے نہج البلاغہ سے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے خطبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تفرقے، خیانت، رہبر کی اطاعت نہ کرنے اور ویرانی کے باعث ایک قوم تباہ ہوتی ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ تفرقہ حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو غزہ، لبنان اور فلسطین کے ساتھ ہو رہا ہے، درندے اپنا کام کر رہے ہیں۔ جس دن اسرائیل نے کارروائی شروع کی تو امریکہ کا وزیر خارجہ، صدر اور وزیراعظم اسرائیل آیا اور بتایا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک دن میں یہ جنگ روک سکتا ہے۔ دس کروڑ پاکستانی ایک ہی دن فلسطین کے حق میں سڑکوں پر آجائیں، تو یہ جنگ اسی دن بند ہو جائے گی۔ ہماری حکومت اور سیاستدان تو مجبور ہیں، مگر یہ سمجھ نہیں آرہی کہ ہمارے علماء کی کیا مجبوریاں ہیں۔ مذہبی تنظیمیں اور عوام فسلطین پر ہونے والے ظلم و ستم پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کا آغاز وحدت ہے۔ وحدت خود کام کرتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد مختلف سازشوں کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی اور قومی یکجہتی پر بارہا حملے کئے گئے۔ آج مسلم امہ تفریق کا شکار ہے۔ جس کے باعث فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر یکجا آواز نہیں اٹھائی جا رہی ہے۔ تقسیم اور مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلانے والوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے قومی و بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ اور لبنان کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے حزب اللہ کے سربراہ شہید حسن نصراللہ اور حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کے دفاع کے لئے شہداء نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

مقررین نے کہا کہ فلسطین کے پڑوسی ممالک کو یہ توفیق حاصل نہیں ہوئی کہ اپنے مظلوم مسلمان بھائی کی مدد کرے اور وہ جو اقدامات اٹھا رہے ہیں، انہیں تمسخر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمیں اس وقت سب سے پہلے اتحاد کی ضرورت ہے، جس کے نتیجے میں حکمران متحد ہونے پر مجبور ہوں۔ اسرائیل ہماری نا اتفاقی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے تاریخی حقائق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے ہمیشہ طاغوت کا مقابلہ کیا۔ آج ہمیں بھی ان کے درس پر عمل کرتے ہوئے اسرائیل و دیگر طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ اقصیٰ کے معاملے پر تمام مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ مسلم ممالک کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ مختلف مسلمان ممالک پر مختلف بہانوں سے حملہ کیا۔ اسرائیل کو بھی امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1166450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1166450/کوئٹہ-میں-وحدت-امت-کانفرنس-کے-انعقاد-کی-ویڈیو-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com