کوئٹہ، امام خمینی کی برسی پر تعزیتی مجلس و قرآن خوانی کا انعقاد، ویڈیو رپورٹ
4 Jun 2024 20:01
امام خمینی کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں شیعہ سنی علمائے دین نے شرکاء سے خطاب کیا اور آیت اللہ روح اللہ خمینی (رح) کی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔ مقررین نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی دور اندیش عالم دین تھے۔ جنہوں نے عالم اسلام کے لئے پہلے ہی اسرائیل کی اصلیت کو عیاں کر دیا تھا۔
رپورٹ: اعجاز علی
بانی انقلاب اسلامی آیت اللہ روح اللہ خمینی (رح) کی برسی کے موقع پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تعزیتی مجلس، قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے دین، قبائلی شخصیات اور بزرگوں و جوانوں پر مشتمل عوام نے شرکت کی۔ کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ پر واقع مسجد و امام بارگاہ امام رضا (علیہ السلام) محلہ ہاشمی میں منعقدہ تعزیتی مجلس میں امام خمینی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی ہوئی، جبکہ انقلاب اسلامی سمیت انکی زندگی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، اتحاد جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء مفتی نعیم، ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری اور عالم دین علامہ اعجاز نگری نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کیا۔ مقررین نے شرکاء کو امام خمینی اور انقلاب اسلامی کی اہمیت کے حوالے سے بتایا۔
مقررین نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی دور اندیش عالم دین تھے۔ جنہوں نے عالم اسلام کے لئے پہلے ہی اسرائیل کی اصلیت کو عیاں کر دیا تھا۔ انکی ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دیں۔ مقررین نے اس موقع پر امام خمینی (رح) سے متعلق مختلف واقعات بھی شرکاء کو سنائیں اور انہیں پیغام خمینی سے آگاہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے مقامی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو امام خمینی کی برسی پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے آیت اللہ خمینی سے متعلق مختلف روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ روح اللہ خمینی کے قیام کے حوالے سے روایات موجود ہیں۔ امام خمینی نے انقلاب اسلامی کے ذریعے عالم اسلام کو نئی روح بخش دی۔ علامہ اعجاز نگری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی شخصیت کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خمینی (رح) مسلمانوں کے درمیان اتحاد چاہتے تھے۔ انہوں نے اختلافات کو دور کرنے کی کوششیں کیں۔
اتحاد جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء مفتی نعیم نے بھی اس موقع پر شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ روح اللہ خمینی کی زندگی تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے ظلم اور ظالم کے خلاف قیام کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بہترین درس دیا۔ امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے اس موقع پر کہا کہ امام خمینی نے انقلاب اسلامی کے موقع پر ہی واضح کہہ دیا تھا کہ اسرائیل مسلمانوں کا دشمن ہے۔ آج پوری عالم اسلام اس بات کو مان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل ایک ظالم کی صورت میں ابھر رہا تھا، لیکن امام خمینی (رح) نے فلسطینیوں کو حوصلہ دیا اور مقاومت کی حمایت کی، جو سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1139582