QR CodeQR Code

سندھ میڈیا فورم کی جانب سے سینئر صحافیوں کی تقریب پذیرائی

1 Jun 2024 23:49

اسلام ٹائمز: تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بات اختیار سے زیادہ ارادے اور نیت کی ہوتی ہے کیونکہ اگر ارادہ نیک ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے اور گورنر ہاؤس سے شروع کے گئے تمام اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کیونکہ ان میں ایک روپے بھی سرکاری فنڈ شامل نہیں ہے۔


خصوصی رپورٹ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں فرائض انجام دینے پر صحافی خراج تحسین کے مستحق ہیں، زندگی میں خدمات کا اعتراف ایک اچھی روایت ہے، جسے ہر شعبہ زندگی میں جاری کرنا چاہیئے، یہاں بیٹھے ہوئے تمام صحافیوں سے ذاتی تعلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ میڈیا فورم کی جانب سے سینئر صحافیوں کی تقریب پذیرائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔ تقریب میں مظہر عباس، جی ایم جمالی، فاضل جمیلی، مجید عباسی، اے ایچ خانزادہ،  رشید میمن، شبیر غوری اور جاوید چوہدری کی صحافتی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رہیں گے، کیونکہ 12 ربیع الاول کو حلف اٹھاتے ہی عہد کیا تھا کہ عوام کی خدمت کے لئے جو کچھ ہوسکا کروں گا اور اس وقت سے اب تک عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں سہولیات بہم پہنچانے کے لئے حتی المقدور کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کے تعاون سے اسکولوں میں بچوں کو مفت ناشتہ کی فراہمی شروع کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 12000 طلبہ و طالبات کو ناشتہ دیں گے، اس اسکیم کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کا دائرہ کار بھی بڑھانے جارہے ہیں، یہ کورسز جلد حیدرآباد اور سکھر میں شروع کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بات اختیار سے زیادہ ارادے اور نیت کی ہوتی ہے کیونکہ اگر ارادہ نیک ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے اور گورنر ہاؤس سے شروع کے گئے تمام اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کیونکہ ان میں ایک روپے بھی سرکاری فنڈ شامل نہیں ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سندھ محمد سلیم خان، انٹرنیشنل ریسلنگ چیمپیئن بلال آفریدی، ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ زاہد ابراہیم بھٹی بھی شریک تھے۔ تقریب کی صدارت فورم کے صدر معین اللہ شاہ نے کی جبکہ  فورم کے جنرل سکریٹری صدیق چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، اس موقع پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈ اور اجرک پیش کی گئیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1139138

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1139138/سندھ-میڈیا-فورم-کی-جانب-سے-سینئر-صحافیوں-تقریب-پذیرائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com