فلسطین کی حمایت میں ایران، حزب اللہ، انصاراللہ یمن کھڑے ہوئے ہیں
فلسطین کی صورتحال و ایران کا کردار، جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی کا خصوصی انٹرویو
21 May 2024 07:05
جماعت اسلامی سندھ کے امیر کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین سے متعلق ایران کا لیڈنگ کردار ہے، اس وقت غزہ میں جو ہلچل مچی ہے اور فلسطینیوں کے اندر جو ایک قوت ہے، مردانگی ہے، اس میں ایران کا بہت بڑا کردار ہے، ایران نے فلسطینیوں کو ٹیکنالوجی میں بھی مدد دی ہے، دیگر حوالوں سے بھی مدد کی ہے، انکی حوصلہ افزائی کی ہے، آج بھی کھلے عام اگر کوئی ملک فلسطین کی حمایت کر رہا ہے تو وہ ایران ہے یا لبنان میں حزب اللہ ہے یا یمن میں انصاراللہ کھڑے ہوئے ہیں، پاکستان پر بھی ایک دباؤ ہے، جماعت اسلامی بھی دباؤ ڈال رہی ہے، بڑے بڑے مظاہرے کئے ہیں، ہم نے واضح طور پر بات کی ہے کہ ہم مسئلہ فلسطین کیلئے دو ریاستی حل کو نہیں مانتے، ہم نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھ کر فلسطینیوں کی مدد کرنی چاہیئے، اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کرنا چاہیئے، حماس نے اسرائیل کی ہوا نکال دی ہے، مقبوضہ فلسطین سے صہیونیوں کو بھاگنا پڑے گا اور فلسطین جلد آزاد ہوگا۔
محمد حسین محنتی جماعت اسلامی سندھ کے امیر ہیں۔ وہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بھی ہیں۔ وہ 1946ء میں کاٹھیاوار، انڈیا میں پیدا ہوئے۔ انکی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، تمام مذہبی اور سیاسی حلقوں میں وہ بڑی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ وہ 2002ء کے عام انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ محمد حسین محنتی جماعت اسلامی کراچی کے بھی امیر رہ چکے ہیں۔ ”اسلام ٹائمز“ نے محترم محمد حسین محنتی کیساتھ مسئلہ فلسطین، غزہ کی تازہ صورتحال، ایران کا کردار، دورہ ترکی و دیگر متعلقہ موضوعات پر مسجد قبا گلبرگ کراچی میں قائم جماعت اسلامی سندھ کے آفس میں ایک مختصر نشست کی۔ اس موقع پر انکے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو پیش خدمت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1136460