ایرانی صدر کا شہید ہو جانا سب کے لئے دکھ کی گھڑی ہے
ایرانی صدر کی شہادت، ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں تعزیتی قرارداد پیش کردی
20 May 2024 20:36
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ایم کیو ایم پاکستان اور ملک کے سب لوگ ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، خطے میں ایرانی صدر کا امن و امان کے حوالے سے کردار کو سنہری حرفوں میں لکھا جائیگا۔
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر رفقاء کی شہادت پر سندھ اسمبلی میں تعزیتی قرارداد پیش کردی۔ سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ کل مسلم امہ کے ساتھ اندوہناک واقعہ پیش آیا، ایرانی عوام کے لیے دکھ کی گھڑی ہے، اللہ پاک صدر ابراہیم رئیسی کے اہلخانہ اور عوام کو صبر عطا کرے۔
علی خورشیدی نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے عظیم دوست ملک کے صدر سے محروم ہوگیا، اس دکھ کی گھڑی میں ایم کیو ایم پاکستان اور ملک کے سب لوگ ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، خطے میں ایرانی صدر کا امن و امان کے حوالے سے کردار کو سنہری حرفوں میں لکھا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، ایرانی صدر کا شہید ہو جانا سب کے لئے دکھ کی گھڑی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1136381