بھارت، تعلیمی نصاب میں امام خمینی (رہ) کی شان میں توہین کیخلاف کشمیر بھر میں مظاہرے
27 Apr 2024 21:01
اسلام ٹائمز: مظاہرین نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کروڑوں مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے مستضعفین و مظلومین کے دلوں کی دھڑکن ہے اسکے خلاف جو بھی زبان درازی یا گستاخی کی کوشش کریگا اسکی زبان کاٹ دی جائیگی۔ مظاہرین نے کہا کہ منظم سازش کے تحت گمراہ کن پروپیگنڈے چلائے جارہے ہیں لیکن دشمن کو پتہ نہیں کہ افکار خمینی پوری دنیا پر چھائے ہوئے ہیں اور وہ زندہ ہیں تا روز قیامت زندہ رہینگے۔
رپورٹ: جاوید عباس رضوی
بھارتی شہر حیدرآباد کے نیشنل کونسل ایجوکیشن کیطرف سے انکے تعلیمی نصاب کی کتاب میں امام خمینی (رہ) کی شان میں توہین کی گئی۔ آج یہ خبر عام ہوتے ہی بھارت کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے ’’این سی ای آر ٹی‘‘ کی جانب سے رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رہ) سے متعلق درسی کتاب میں گستاخانہ اور گمراہ کن سبق شامل کرنے کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے مذکورہ پبلشر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کروڑوں مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے مستضعفین و مظلومین کے دلوں کی دھڑکن ہے اس کے خلاف جو بھی زبان درازی یا گستاخی کی کوشش کرے گا اس کی زبان کاٹ دی جائے گی۔
مظاہرین نے کہا کہ منظم سازش کے تحت گمراہ کن پروپیگنڈے چلائے جارہے ہیں لیکن دشمن کو پتہ نہیں کہ افکار خمینی پوری دنیا پر چھائے ہوئے ہیں اور وہ زندہ ہیں تا روز قیامت زندہ رہیں گے۔ انہوں نے بھارتی مسلمانوں کے ذمہ داروں خاص طور پر مسلم پرسنل لاء بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پبلشر جو خود برائیوں کا مجموعہ ہے کے خلاف سخت کاروائی کریں اور اس پبلشر کی کتابوں کا مکمل طور پر بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت خاص طور پر منسٹری آف ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ پبلشر کی لائسنس منسوخ کرکے اس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے تاکہ شر پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی ہوجائے۔
اس دوران جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نیشنل کونسل ایجوکیشن (NCERT) کی طرف سے بچوں کی نصابی کتاب میں شامل قائد انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کی توہین کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ آغا سید حسن موسوی نے مزید کہا کہ اس طرح کے مذموم اقدام سے مسلمانوں کے جزبات مجروح ہوگئے ہیں اگر جلدی اس کا تدارک نہیں کیا گیا اور اس شیطانی حرکت پر معافی نہیں مانگی گئی تو جموں و کشمیر کے ساتھ تمام مسلمین سراپا احتجاج کریں گے۔ آغا سید حسن موسوی نے واضح کیا کہ حضرت امام خمینی (رہ) ایک بلند پایہ اسلامی مفکر، مایہ ناز دینی قائد اور تاریخ ساز انقلابی و روحانی شخصیت تھے، جنہوں نے قرآنی افکار و نظریات اخلاق و عمل اور روحانی اقدار کے بل پر ایران میں انقلاب برپا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کی شخصیت کو مسخ کرکے پیش کرنا ناقابل معافی جرم ہے ایسے شرپسند عناصروں کو سخت سزا دی جانی چاہیئے اور ایسے ادارے مقفل ہوجانے چاہیئے۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا مسرور عباس اںصاری نے کہا کہ پوری دنیا جان لے کہ حضرت روح اللہ خمینی (رہ) ایک فرد نہیں بلکہ ایک قوم اور ایک ملت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قائد انقلاب کی اہانت پر اگر ہم خاموش رہے تو کل امیرالمومنین (ع) پر کئے جانے والے توہین پر بھی خاموش رہنا ہوگا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1131534