اسرائیل کا خاتمہ جلد قریب ہے، کراچی میں جشن آغاز فتح بیت المقدس
16 Apr 2024 01:54
اسلام ٹائمز: شرکاء سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور وہی حق ایران نے استعمال کرتے ہوئے غاصب ریاست کو اس ذلت بھری شکست سے دوچار کیا، ہم مسلمانان پاکستان تمام مقاومتی گروہ جو اس وقت غاصب ریاست اسرائیل سے برسرپیکار ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیل کی جلد بربادی و نابودی کے لیے دعاگو ہیں۔
رپورٹ: ایس ایم عابدی
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت ایران کا اسرائیل پر کامیاب حملے کی خوشی میں جشن آغاز فتح بیت المقدس کا انعقاد نمائش چورنگی کراچی میں کیا گیا۔ جشن سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ سید حسن ظفر نقوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل پاکستان صابر ابو مریم اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی نے خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی علامہ صادق جعفری نے دعا کروائی۔ پروگرام میں ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے رہنما علامہ صادق رضا تقوی، علامہ زاہد حسین ہاشمی اور علامہ مبشر حسن سمیت بڑی تعداد میں عاشقان بیت المقدس نے شرکت کی جن میں بچوں اور خواتین بھی کثرت سے موجود تھیں۔ جشن آغاز فتح بیت المقدس کے موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور شرکاء میں مٹھائی بھی پیش کی گئی۔ درایں اثناء جشن سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ اسرائیل کا خاتمہ جلد قریب ہے، اسرائیل پر مقاومت اسلامی کے مسلسل حملے اس بات کا عکاس ہیں کہ اسرائیل کا وجود مشرق وسطح میں خطرے میں پڑ چکا ہے، دنیا بھر کے صہیونی اسرائیل کی شہریت حاصل کرنا نہیں چاہتے، اسرائیل پر ایران کا حملہ تمام عالم اسلام کی کامیابی ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1128817