ٹائمز اسکوائر نیویارک کے باہر القدس ریلی
8 Apr 2024 16:51
ریلی میں بین الاقوامی یہودی تنظیم " ناتوری کارتا" کے اراکین نے بھی شرکت کی جو نیویارک میں صیہونیت مخالف یہودیوں کا ایک گروپ ہے۔ ریلی کے مقررین نے جعلی صیہونی حکومت کے خلاف مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی حمایت نہ کرے اور حکومت کی امداد بند کرے۔
اسلام ٹائمز۔ نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز اسکوائر پر حسب روایت اس سال بھی یوم القدس منایا گیا جس میں فلسطین سمیت مسلم امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے شرکت کی ۔ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے اس مظاہرے میں یہودی کمیونٹی کے اس مخصوص گروپ نے بھی شرکت کی کہ جو زائنوسٹ اسرائیل کے مخالف ہیں اور فلسطین اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حامی ہیں۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ تفصیلات کے مطابق ریلی میں بین الاقوامی یہودی تنظیم " ناتوری کارتا" کے اراکین نے بھی شرکت کی جو نیویارک میں صیہونیت مخالف یہودیوں کا ایک گروپ ہے۔ ریلی کے مقررین نے جعلی صیہونی حکومت کے خلاف مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی حمایت نہ کرے اور حکومت کی امداد بند کرے۔ کچھ مارچ کرنے والوں نے فلسطین کے پرچم کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کا جھنڈا اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کی تصویر بھی اٹھا رکھی تھی۔
خبر کا کوڈ: 1127526