اصغریہ تحریک، اے ایس او، اصغریہ خواتین کے تحت سندھ بھر مں القدس ریلیاں، ویڈیو رپورٹ
7 Apr 2024 15:51
اسلام ٹائمز: مرکزی ریلی حیدرآباد میں القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ القدس ریلی کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
خصوصی رپورٹ
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے حیدرآباد میں القدس ریلی اولڈ کیمپس تا پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی سے مولانا محمد حسن مشہدی، اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری، اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر محمد حسین الحسینی، اصغریہ خواتین تحریک کی مرکزی صدر سیدہ خوشبو زہرا موسوی، اصغریہ تحریک کی مجلس اعلیٰ کے سیکریٹری سید پسند علی، صراط الہیٰ حفظ القرآن کے مسئول حافظ سید زاہد کاظمی، مہک زہرا اور علی عباس رضوی و دیگر نے خطاب کیا۔ القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، شرکاء تحریک آزادی فلسطین کے حق میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز، بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی حیدرآباد پریس کلب پہنچ کر بڑے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر فلسطین کے حق میں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مذمتی قرادادیں منظور کی گئیں، جبکہ امریکا و اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے انکے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
حیدرآباد میں مرکزی ریلی کے علاوہ حیدرآباد ڈویژن میں بھٹ شاہ سٹی، ہالا سٹی، ہالا نیو، ڈویژن میرپورخاص میں میرپورخاص سٹی، نواں آباد، ٹنڈوآدم سٹی، ڈویژن نوابشاہ میں دولتپور سٹی، سکرنڈ سٹی، جام صاحب، مورو، کنڈیارو، ڈویژن سکھر میں میرپور میرس سٹی، بوذدار وڈا، ٹالپر وڈا، سوڈہو خان خاصخیلی، ٹھری میرواہ سٹی، گمبٹ سٹی، اوباوڑو سٹی ميرپور ماتھیلو سٹی، گھوٹکی سٹی، علی آباد، لغاری اسٹاپ صالح پٹ، ڈویژن شکارپور میں مہدی آباد، جیکب آباد، شکارپور سٹی، ڈویژن لاڑکانہ میں لاڑکانہ، حاکم شاہ، حسین بخش مگسی، ڈویژن دادو میں دادو سٹی، واہی پاندہی، جوہی سٹی جبکہ ڈویژن بدین میں ماتلی سٹی، بدین سٹی، نندو سٹی ، گولاڑچی سٹی اور یونٹ ترائی کے ساتھ مجموعی طور پر 36 مقامات پر اس سال یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں، جس سے مختلف علماء کرام، سیاسی، مذہبی، سماجی و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خطاب کئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1127315