QR CodeQR Code

کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی ریلی، ویڈیو رپورٹ

6 Apr 2024 03:23

اسلام ٹائمز: فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم اٹھا کر فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان اور ان کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یوم القدس کی ریلی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، امام جمعہ علامہ محمد جمعہ اسدی اور ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ظفر عباس شمسی نے خطاب کیا۔


رپورٹ: اعجاز علی

عالمی یوم القدس کے موقع پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مرکزی جامعہ مسجد امامبارگاہ کلاں سے نماز جمعہ کے بعد یوم القدس کی ریلی نکالی گئی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین، فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان اور مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے رہنماؤں اور آئمہ جمعہ کوئٹہ سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت کوئٹہ کے بزرگ عالم دین علامہ محمد جمعہ اسدی، امام جمعہ کوئٹہ و رہنماء مجلس علمائے مکتب اہلبیت علامہ سید ہاشم موسوی، فلسطین فاؤنڈیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ غلام حسنین وجدانی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء علامہ سہیل اکبر شیرازی کر رہے تھے، جبکہ ریلی میں شہر کے دیگر قبائلی و سیاسی شخصیات بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین میں جاری مظالم کی روک تھام کا مطالبہ کیا۔ عالمی یوم القدس کی ریلی میں شرکت کرنے والوں کی بڑی تعداد نوجوانوں اور بزرگوں پر مشتمل تھی، تاہم ان کے ساتھ ساتھ بچے بھی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے فلسطین کے پرچم اٹھا کر فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یوم القدس کی ریلی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، امام جمعہ علامہ محمد جمعہ اسدی اور ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ظفر عباس شمسی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے گھروں سے نکلے ہیں۔ غزہ میں جاری نسل کشی پر عرب لیگ او آئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دو ریاستی نظریے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا یہ بات جانتی ہے کہ فلسطین کی سرزمین فقط فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے، جس نے فلسطین کی سرزمین پر قبضہ کیا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان بلخصوص پاکستانی عوام مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دو ریاستی نظریے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کی اہمیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے دشمن سنی اور شیعہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انکی یہی کوشش ہے کہ سنی اور شیعہ ایک نہ ہوں، تاہم ہم انکی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد کی بدولت ہی فلسطین کے مسلمانوں کے حوصلے بڑھے۔ فلسطینی مسلمانوں کو دنیا بھر سے شیعہ اور سنی مسلمانوں نے مل کر حوصلہ دیا اور انکی مدد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں نے فلسطین کے معاملے میں موثر کردار ادا نہیں کیا۔ غزہ میں جاری قتل عام پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ امام جمعہ علامہ محمد جمعہ اسدی نے شرکاء سے مقامی زبان میں گفتگو کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں گزشتہ چالیس سال سے یوم القدس کا جلوس نکلتا ہے۔ حکومت یوم القدس کی یکجہتی فلسطین ریلی میں مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں ریلیاں نکلیں، حتیٰ کہ غیر مسلم ممالک کی حکومتوں نے بھی ان ریلیوں کے شرکاء کے ساتھ تعاون کا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر بے تحاشا ظلم و ستم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل غاصب کو ہم ایک انچ زمین دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ریلی کے آخر میں مظاہرین کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے جھنڈوں کو نذرآتش کرتے ہوئے نفرت کا اظہار کیا گیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1127098

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1127098/کوئٹہ-میں-عالمی-یوم-القدس-کی-ریلی-ویڈیو-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com