QR CodeQR Code

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

31 Mar 2024 20:53

اسرائیل میں حکومت کیخلاف ہنگامے پھوٹ پڑے، سڑکیں بلاک، متعددافراد گرفتار، ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حکومت کے خلاف ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کے لواحقین نے بھی پہلی بار شرکت کی۔ سب سے بڑا احتجاج دارالحکومت تل ابیب میں ہوا۔


خصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام کراچی میں شب یکجہتی غزہ، ہزاروں افراد کی شرکت، غزہ میں اسرائیل کی حالیہ دہشتگردی کے خلاف اور مظلوم و نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کراچی کے تحت شاہراہ قائدین پر شب یکجہتی غزہ کا انعقاد کیا گیا۔ شہر بھر سے بچے، بوڑھے، بزرگ، خواتین، نوجوان بڑی تعداد میں شاہراہ قائدین پر موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر امت مسلم کے حکمرانوں میں غیرت ہوتی تو ایک بھی فلسطینی بچہ شہید نہیں ہوتا، حکمران سن لیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچنا بھی نہیں، ہم غیرت کا سودا نہیں ہونے دیں گے، اگر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کریں گے تو پاکستان میں رہنا دوبھر کر دیں گے۔

2۔ سلامتی کونسل کی قرارداد کے باوجود غزہ میں جاری قتل عام کیخلاف لندن میں احتجاجی مظاہرہ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے لیبر پارٹی کے سابق لیڈر جریمی کوربن نے کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے، اسرائیل کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے۔ مظاہرین نے جنگ بندی کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا قحط کے حالات پیدا کرنا جنگی جرم ہے۔

3۔ شام کے صوبہ حلب کے مرکزی بازار میں زوردار دھماکہ، 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب صوبہ حلب کے قصبے عزاز کے مرکزی بازار میں بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتیں تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ تاہم اب تک کسی بھی تنظیم یا گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دھماکے کے وقت بازار میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جو عید الفطر کے لیے خریداری میں مصروف تھی۔ شام میں رضاکارانہ امدادی گروپ، وائٹ ہیلمٹس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

4۔ اسرائیل میں حکومت کیخلاف ہنگامے پھوٹ پڑے، سڑکیں بلاک، متعدد افراد گرفتار، ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حکومت کے خلاف ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کے لواحقین نے بھی پہلی بار شرکت کی۔ سب سے بڑا احتجاج دارالحکومت تل ابیب میں ہوا۔ مظاہرین نے اہم سڑکیں بلاک کر دیں، جس کے نتیجے میں شدید ٹریفک جام ہوگیا اور مسافر پھنس گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے درجن بھر افراد کو گرفتار کرلیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پانی کی توپ کا استعمال کیا۔ مقبوضہ بیت المقدس یروشلم میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کی جانب پہنچنے کی کوشش کی اور مستعفی ہونے کے نعرے لگائے۔

5۔ بھارتی اپوزیشن کا اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج، بھارت میں عام انتخابات سے قبل دہلی کے وزیراعلیٰ اور نامور اپوزیشن لیڈر اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن اتحاد کے اہم رہنماوں نے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ دارالحکومت میں ریلی نکالی اور احتجاج کیا اور مودی کیخلاف نعرے بھی لگائے۔ اروند کیجریوال کی حکومت کے خلاف یہ الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے نجی کمپنیوں کو شراب کے لائسنس دینے کے دوران غیر قانونی ادائیگیاں کیں۔ شیو سینا پارٹی کے رہنما ادھو ٹھاکرے نے جو مہاراشٹرا ریاست کے سابق وزیراعلی ہیں، نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک آمریت کی طرف جا رہا ہے، یہ ایک آدمی کی حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔

6۔ برطانوی حکومتی رپورٹ میں اسرائیل عالمی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار، برطانوی رکن پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی سربراہ ایلیسیا کیرنز نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری نہیں کر رہا، تاہم حکومت اس بات کو چھپا رہی ہے۔برطانوی و اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک لیک شدہ ریکارڈنگ سے یہ انکشاف ہوا کہ برطانوی حکومت کو اس کے اپنے وکیلوں کی رپورٹ موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل نے غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ تاہم برطانوی حکومت نے یہ رپورٹ دبا لی ہے اور اس کو مشتہر نہیں کیا گیا۔

 7۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین پر رہنے کا حق دیا جائے، یوم الارض اسرائیلی نسل پرستی کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد کی یاد دہانی ہے۔ اس سال غزہ کی پٹی میں فلسطینی یوم الارض اور واپسی کے عظیم مارچ کی یاد منا رہے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے جان بوجھ کر نسل کشی اور قحط کے حالات مسلط کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین پر امتیازی سلوک، ظلم و ستم یا اپنی سرزمین سے اکھاڑ پھینکنے کے بجائے اپنی سرزمین پر رہنے کا حق دیا جائے، یہ حق انہیں عالمی قوانین کے تحت حاصل ہے۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" کے سربراہ "زیاد النخالہ" کی وفد کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" سے ملاقات


خبر کا کوڈ: 1126092

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1126092/تازہ-ترین-عالمی-علاقائی-خبروں-پر-مشتمل-اسلام-ٹائمز-کا-خصوصی-نیوز-بلیٹن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com