اپنے وطن کے سیاسی، اجتماعی، معاشی مسائل سے بےتفاوت رہنا گناہ اور حرام ہے
جنرل باجوہ میڈیا کے لوگوں کو بلاکر کہتے تھے ہم نے اسرائیل کو تسلیم کرنا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
25 Mar 2024 21:28
کراچی میں القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم چیئرمین نے کہا کہ ہمارے حکمران اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن کی باتیں کرتے تھے، جو لوگ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کرتے تھے ان کا راستہ ذلت کا راستہ تھا، عزت کا راستہ فقط مقاومت کا راستہ ہے، عمران خان کے مقابلے میں مودی کی کوئی ساکھ نہیں تھی، عمران خان کو گرایا گیا تاکہ مودی کا مدمقابل کوئی نہ رہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کی تشکیل کے بعد اسرائیل کی جنگوں کے ذریعے زمینی حدود میں اضافہ کا راستہ رک گیا، اسرائیل کو بیروت سے بھاگنا پڑا، بس یہاں سے پتہ چلا کہ کو جو لوگ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کرتے تھے ان کا راستہ ذلت کا راستہ تھا، عزت کا راستہ فقط مقاومت کا راستہ ہے۔ کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے تحت القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ طوفان الاقصیٰ کے اسرائیل کو ایک حملے میں کئی شکستیں دی ہیں، طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کی انٹیلی جنس، عسکری، سیاسی، معاشی سمیت کئی میدانوں میں شکست دی ہے، غزہ جنگ کے بعد یورپ کی منافقت مزید عیاں ہوگئی ہے، جمہوری اسلامی ایران سے لے کر یمن تک کے لوگ اسرائیل کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حکمران اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن کی باتیں کرتے تھے، جنرل باجوہ میڈیا کے لوگوں کو بلاکر کہتے تھے کہ ہم نے اسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا سارا زور اس پر ہے کہ بھارت کو طاقتور بنایا جائے اور اطراف کے ممالک کو کمزور کرکے اس کے نیچے لگایا جائے، عمران خان کے مقابلے میں مودی کی کوئی ساکھ نہیں تھی، عمران خان کو گرایا گیا تاکہ مودی کا مدمقابل کوئی نہ رہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے فلسطین کیلئے صرف زبانی جمع خرچ کیا، فلسطینیوں کی ہر ممکنہ امداد کی جائے، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت امریکہ و برطانیہ سے سفارتی تعلقات ختم کرکے فلسطینی عوام سے عملی اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا جائے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1124843