خانہ فرہنگ ایران کراچی میں اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ، ویڈیو رپورٹ
18 Feb 2024 18:31
اسلام ٹائمز: تقریب میں حوزہ علمیہ امام خمینیؒ کے سربراہ آیت اللہ غلام عباس رئیسی، ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا، شہید سعید حیدر زیدی کی اہلیہ عالمہ نزہت زیدی، ایوارڈ یافتہ کتاب "فارس شہنشاہوں کی سرزمین" کے مصنف ڈاکٹر افتخار صلاح الدین اور بول میڈیا گروپ کے صدر نذیر لغاری نے خطاب کیا۔
رپورٹ: سید ظفر جعفری
انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی کی جانب سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایران اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے اسلامی انقلاب کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے اس شاندار تقریب میں شرکت کے ذریعے اسلامی انقلاب، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای سے اپنی گہری عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب سے پاکستان کے سرکردہ مذہبی اسکالر اور حوزہ علمیہ امام خمینیؒ کے سربراہ آیت اللہ غلام عباس رئیسی، کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا، شہید سعید حیدر زیدی کی اہلیہ اور دارالثقلین پبلی کیشنز کی سربراہ عالمہ نزہت زیدی، ایوارڈ یافتہ کتاب "فارس شہنشاہوں کی سرزمین" کے مصنف و معروف فزیشین ڈاکٹر افتخار صلاح الدین اور بول میڈیا گروپ کے صدر اور ایڈیٹر ان چیف نذیر لغاری نے خطاب کیا، جبکہ معروف منقبت خواں سید علی دیپ رضوی نے انقلاب اسلامی سے متعلق خصوصی کلام بھی پیش کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض فارسی زبان میں سید علی نقوی نے، جبکہ اردو زبان میں خواہر شیریں نے انجام دیئے۔ اس یادگار تقریب کے آخری مرحلے میں حضرت امام خمینیؒ اور امام خامنہ ای سے عقیدت رکھنے والے کچھ منتخب افراد کو شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا، جنہوں نے مسلم معاشرے میں اسلامی انقلاب کی تعلیمات و اہداف اور اس کے مختلف مادی و معنوی پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1116561