عام انتخابات سے قبل کراچی میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھماکہ
2 Feb 2024 21:36
پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ٹائمر بھی ملا ہے، یہ کسی قسم کی شرارت ہو سکتی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر معمولی نوعیت کا دھماکہ ہوا ہے، تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں شاہراہِ عراق پر واقع صوبائی الیکشن کمیشن افس کے باہر فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے شاپر میں دھماکہ ہوا۔ حکام کے مطابق ہلکی نوعیت کے دھماکے سے قریب کھڑی ہوئی گاڑیوں یا کسی اور عملہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ کرنے والے ایک نوجوان نے الیکشن کمیشن آفس کے گیٹ کے قریب فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے شاپر کو اٹھا کر دوسری طرف رکھا تو دھماکہ ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ٹائمر بھی ملا ہے، یہ کسی قسم کی شرارت ہو سکتی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ وقوعہ کے بارے میں مزید چھان بین کی جا رہی ہے، علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شاپر رکھنے والے ملزم یا ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پونے 8 بجے ہلکا دھماکا ہوا، بی ڈی اسکواڈ نے کنفرم کیا ہے شاپر میں کم مقدار میں بارودی مواد تھا۔ بارودی مواد کے ساتھ کوئی بال بیرنگ یا دوسری نقصان پہنچانے والی چیز نہیں تھی۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق اس کی ہر حوالے سے انوسٹی گیشن کریں گے اور بھی دیگر مقامات ہیں وہاں بھی سیکیورٹی الرٹ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جس لڑکے نے شاپر اٹھا کر رکھا اسے حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ اس جگہ کے حوالے سے کوئی سیکیورٹی تھریٹس نہیں تھیں اور نہ ہی یہ کوئی حملہ ہے، احتیاطاً یہاں جو پارکنگ تھی اسے صبح سے ختم کروا دیں گے اور بیریئرز لگائیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1113460