QR CodeQR Code

مستحکم پاکستان کیلئے عوام 8 فروری کو اپنا ووٹ اسکے صحیح حقدار کو دیں، مولانا اصغر شہیدی

29 Jan 2024 19:26

پریس کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ تکفیری و کالعدم جماعتوں کے افراد کا عام انتخابات میں حصہ لینا الیکشن کمیشن اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے تکفیری دہشتگردوں سے الحاق بھی سوالیہ نشان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت وحدت ہاؤس سولجربازار میں شیعہ علماء کرام و ذاکرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی ،امیدوار برائے صوبائی اسمبلی  پی ایس 102 ، 103 مولانا اصغر حسین شہیدی، بزرگ عالم دین علامہ غلام عباس رئیسی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے صدر مولانا محمد حسین رئیسی، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے صدر علامہ نثار قلندی، آئی ایس او پاکستان کے رکن مرکزی نظارت مولانا عقیل موسیٰ، مکتب علماء امامیہ کے صوبائی نائب صدر مولانا اسحاق قرائتی، صدر کراچی ڈویژن مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن و دیگر علماء کرام شریک تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنی یہ ذمہ داری بخوبی انجام دے گا، عام انتخابات کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تکفیری و کالعدم جماعتوں کے افراد کا عام انتخابات میں حصہ لینا الیکشن کمیشن اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے تکفیری دہشتگردوں سے الحاق بھی سوالیہ نشان ہے۔
 
علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران و کارکنان عام انتخابات 2024ء میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، تمام تکفیریوں کا راستہ روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی ایس 102 ، 103 مولانا اصغر حسین شہیدی نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کی خواہش کے مطابق مستحکم پاکستان کیلئے عوام 8 فروری کو اپنا ووٹ اس کے صحیح حق دار کو دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں انصاف و مساوات کی فراہمی کیلئے کوشش کرنا، اسلامی اور انسانی اقدار کا احیاء کرنا، غریب اور پسماندہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھانا، نوجوانوں کیلئے معیاری و سستی تعلیم اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنا ہماری بنیادی ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں با اختیار بنانے کیلئے کوشش کرنا، صوبے اور بالخصوص انتخابی حلقوں میں امن و امان کی صورتحال اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنا، شہریوں کو پانی، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے صوبائی انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا، اخلاقی و مالی بدعنوانی اور صوبے میں رائج اقربا پروری کا کلچر جو پسماندگی کا اصل سبب ہے کے خاتمہ کی کوشش کرنا ہماری انتخابی منشور ہے۔ پریس کانفرنس کے اختتام میں تمام علماء کرام و ذاکرین عظام نے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی ایس 102 ، 103 مولانا اصغر حسین شہیدی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بھی انہیں ووٹ دے کرکامیاب بنانےکی اپیل کی۔


خبر کا کوڈ: 1112410

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1112410/مستحکم-پاکستان-کیلئے-عوام-8-فروری-کو-اپنا-ووٹ-اسکے-صحیح-حقدار-دیں-مولانا-اصغر-شہیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com