وحدت یوتھ کراچی کے تحت تکریمِ شہداء کانفرنس
عالم اسلام کو آج بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسے بہادر مجاہد کی ضرورت ہے
13 Jan 2024 17:46
اسلام ٹائمز: کانفرنس سے اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ امریکہ کی خوشنودی کے لیے جس طرح سے عرب ممالک نے غاصب اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن کا سلسلہ شروع کیا یہ امت مسلمہ سے خیانت کے مترادف ہے، عالم اسلام کو آج بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسے بہادر مجاہد کی ضرورت ہے جو شیعہ سنی مسلمانوں کو اکھٹا کرکے اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے جارحانہ اور غاصبانہ عزائم کو ناکام بنا دے۔
رپورٹ: ایس ایم عابدی
وحدت یوتھ پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے شہدائے وحدت، شہدائے راہِ قدس اور شہدائے ملتِ جعفریہ کے بلندی درجات کے لیے تکریمِ شہداٗ کانفرنس کا انعقاد امام بارگاہ وحدت المسلمین، گلستان جوہر میں کیا گیا۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی صدر وحدت یوتھ پاکستان مولانا تصور علی مہدی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، ایس یو سی رہنما مولانا سجاد حسین حاتمی، مجلس علمائے مکتب اہلبیتؑ کے مولانا اسحاق قرائتی اور مولانا ڈاکٹر مظفر حسین رضوی نے شرکائے کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں مشہور و معروف منقبت خواں و نوحہ خواں شاہد علی شاہد، دستہ امامیہ کے صاحبِ بیاض عاطر حیدر، مزمل علی، باسط کربلائی، سہیل بلتستانی، واجد جتوئی و دیگر نے شہدائے ملت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ کانفرس میں ایم ڈبلیو ایم کے ذمہ داران، آئی ایس او کراچی کے جنرل سیکرٹری عون عباس، طحٰہ حسین، ایس یو سی کے ذمہ داران، فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم اور خانوادہ شہداء سمیت شہر بھر سے مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں حفاظتی انتظامات امامیہ اسکاوٹس پاکستان جوہر یونٹ کے ممبران نے انجام دیئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ امریکہ کی خوشنودی کے لیے جس طرح سے عرب ممالک نے غاصب اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن کا سلسلہ شروع کیا یہ امت مسلمہ سے خیانت کے مترادف ہے، عالم اسلام کو آج بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسے بہادر مجاہد کی ضرورت ہے جو شیعہ سنی مسلمانوں کو اکھٹا کرکے اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے جارحانہ اور غاصبانہ عزائم کو ناکام بنا دے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1108859