کوئٹہ، پاراچنار کے شیعوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ (ویڈیو رپورٹ)
13 Jan 2024 14:56
اسلام ٹائمز: مظاہرین نے پاراچنار کی شیعہ قوم سے اظہار یکجہتی، پاراچنار کو پاکستان کا غزہ قرار دیتے ہوئے شیعہ نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ حالیہ واقعات میں شہید ہونے والی ڈاکٹر رقیہ کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
رپورٹ: اعجاز علی
پاراچنار میں پیش آنے والے حالیہ واقعات اور شیعہ قوم کو نشانہ بنانے کے خلاف کوئٹہ کی شیعہ قوم، امام اسٹونٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاراچنار کے مکینوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد مرکزی جامعہ مسجد امام بارگاہ کلاں میکانگی روڈ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کوئٹہ کے شہریوں نے پاراچنار میں امن کی بحالی اور شیعہ قوم کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر مختلف نعرے درج تھے۔ جن میں پاراچنار کی شیعہ قوم سے اظہار یکجہتی، پاراچنار کو پاکستان کا غزہ قرار دیتے ہوئے شیعہ نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ حالیہ واقعات میں شہید ہونے والی ڈاکٹر رقیہ کا بھی تذکرہ کیا گیا۔ اس موقع پر امام جعمہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، عالم دین علامہ رحمت رضوانی، علامہ مبشر حسین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ڈویژن صدر نے مظاہرین سے خطاب کیا اور پاراچنار کی صورتحال پر گفتگو کی۔ مقررین نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ پاراچنار کے شیعوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں شیعہ قوم پاراچنار کے مظلومین کے ساتھ کھڑی ہے۔ نگراں حکومت اور ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے امن کی بحالی میں کردار ادا کرے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1108654