QR CodeQR Code

اسرائیل اور اسکے پشت پناہوں کو جنگی جرائم کی سزا کیلئے تیار رہنا چاہیئے، فلسطینی شہداء کی یاد میں تقریب

5 Jan 2024 21:01

اسلام ٹائمز: کراچی پریس کے سامنے تقریب سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث اسرائیلی ریاست اور اس کے پشت پناہی کرنے والی ریاستوں کو تاریخ کے اس بدترین جرم کی سزا بھگتنے کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔


رپورٹ: ایس ایم عابدی

نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن، شہری عوامی محاذ، ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن، نوجوانوں کی تنظیم آلٹرنیٹ اور دیگر تنظیموں نے صیہونی ریاست اسرائیل کی جارحیت کے ہاتھوں شہید ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کی یاد میں نئے سال کی آمد کے پر کراچی پریس کے سامنے شمعیں روشن کیں۔ جس میں سیاسی، سماجی، انسانی حقوق اور مزدور تنظیموں کے کارکنوں، بچوں اور عورتوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع کے شرکاء سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی سفاکیت کے نتیجے میں ہزاروں بچے بوڑھے عورتیں اور معصوم فلسطینی شہید کئے جارہے ہیں، غزہ کے تمام اسکول، اسپتال، بجلی، پانی اور مواصلات کا نظام تباہ ہو چکا ہے، غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں ادویات، غذا اور دیگر فوری ضرورت کی اشیاء کی فراہمی کے تمام راستے جبراً بند کر دیئے گئے ہیں، اسرائیل کی ننگی جارحیت کو امریکی سامراج، یورپ کی حکومتوں کی براہ راست حمایت حاصل ہے جب کہ مسلم ممالک کی اکثریت کی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی اسرائیلی بربریت کی بلاواسطہ طرف داری کے مترادف ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث اسرائیلی ریاست اور اس کے پشت پناہی کرنے والی ریاستوں کو تاریخ کے اس بدترین جرم کی سزا بھگتنے کے لیے تیار رہنا چاہیئے، اسرائیل کی مسلح غنڈہ گردی کے خلاف نہتے فلسطینیوں کی منظم مزاحمت بہت جلد آزاد فلسطین کی جاری جدوجہد کو کامیابی سے ہم کنار کرے گی، فلسطینیوں کی سات دھائیوں سے عرصہ سے جاری اس تاب ناک جدوجہد کو دنیا بھر کے اربوں آزادی پسند انسانوں کی حمایت حاصل ہے، دنیا بھر کے محنت کشوں اور انقلابیوں کی طرح پاکستان کے محنت کش اور انقلابی بھی فلسطینیوں کی قومی آزادی اور آزاد وطن کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں، فلسطینی شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں نئے سال کا سورج آزادی فلسطینی ریاست کے قیام کا روشن پیغام لے کر نمودار ہوگا۔ تقریب میں حبیب الدین جنیدی، گل رحمان، زہرا خان، ڈاکٹر اصغر علی دشتی، ریاض عباسی، عاقب حسین، سعید بلوچ، فاطمہ مجید، سارا خان، شہزاد مغل، ہمت علی سائرہ فیروز، احسن محمود، نور محمد، اقبال ابڑو، واحد بلوچ، وسیم جمال، ناصر منصور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے مطالبات:
1) غزہ پر جاری اسرائیلی حملے فورا بند کئے جائیں۔
2) غزہ کا محاصرہ فی الفور ختم کیا جائے۔
3) محصور فلسطینیوں کے لیے ادویات، غذا اور دیگر اشیاء ضرورت کی امدادی کھیپ کو غزہ بغیر کسی رکاوٹ پہنچنے دیا جائے۔
4) اسرائیلی ریاست کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی اور سنگین جنگی جرائم کا بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔
5) کیمپ ڈیوڈ معاہدہ ، اوسلو معاہدہ یا ابراھم اکارڈ مسئلہ کا حل نہیں بلکہ مسئلہ کو مزید الجھانے اور خطہ میں بدامنی اور کشت خون کا باعث بنے ہیں۔
6) ضروری ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست ( جس کا دارالحکومت یروشلم ہو) کے حق کو تسلیم کیا جائے۔
7) تمام جلاوطن فلسطینیوں کے وطن واپسی کے حق کو تسلیم کیا جائے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہوسکے۔

قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1106269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1106269/اسرائیل-اور-اسکے-پشت-پناہوں-کو-جنگی-جرائم-کی-سزا-کیلئے-تیار-رہنا-چاہیئے-فلسطینی-شہداء-یاد-میں-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com