خانہ فرہنگ ایران کراچی میں فلسطین کی حمایت میں ’وکلاء کانفرنس‘، ویڈیو رپورٹ
5 Dec 2023 22:50
اسلام ٹائمز: وکلاء رہنماؤں نے فلسطینی مجاہدین کی مزاحمتی تحریک کو سراہتے ہوئے ان کی بیش بہا قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیل کو عالمی دہشتگردی کی سرغنہ ریاست قرار دیا۔
رپورٹ: سید ظفر جعفری
اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں "فلسطین میں نسل کشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے طریقوں کا جائزہ" کے عنوان سے وکلاء کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا اور وکلاء رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ کے سینئر وکلاء سمیت سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، کراچی بار ایسوسی ایشن اور ملیر بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سندھ بار کونسل کے سینئر ممبر غلام رسول سوھو، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کے نو منتخب جنرل سکریٹری محمد سرفراز متیلو، جوائنٹ سکریٹری غلام اصغر پٹھان، کراچی بار ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل وقار عالم عباسی، جوائنٹ سکریٹری محمد ندیم منگی اور دیگر ممتاز قانون دانوں نے کانفرنس کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ کانفرنس میں موجود وکلاء نے فلسطین کی حمایت میں کانفرنس کے انعقاد پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کے مظلوم اور بے گناہ عوام کے خلاف ناجائز اسرائیلی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے فلسطینی مجاہدین کی مزاحمتی تحریک کو سراہتے ہوئے ان کی بیش بہا قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیل کو عالمی دہشتگردی کی سرغنہ ریاست قرار دیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1100533