گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات
21 Nov 2023 23:36
ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، اسلام آباد سے تہران تک سڑک اور ریل پروجیکٹ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آجائیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران اقتصادی تعاون، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں، صحت، تعلیم اور توانائی میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ایران سے تعلقات کو اہمیت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے تہران تک سڑک اور ریل پروجیکٹ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آجائیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1097271