حماس کی مزاحمت کو سلام، لاکھوں اہل کراچی کا تاریخ ساز فلسطین مارچ
16 Oct 2023 01:34
اسلام ٹائمز: کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم خیر مقدم کرتے ہیں کہ ایران اور سعودی عرب نے فلسطین کے حوالے سے آپس میں رابطے شروع کئے ہیں، اگر پاکستانی حکمرانوں نے غیر جانبداری اور خاموشی اختیار کی تو ہم سمجھیں کہ انہوں نے اسرائیل اور امریکہ ساتھ دیا، وزیراعظم سن لیں کہ ابھی چائنہ نہیں بلکہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ بچانے کے لیے فلسطین جانے کا وقت ہے، آرمی چیف صاحب سے کہتا ہوں کہ اس وقت صلاح الدین ایوبی، محمود غزنوی بن جائیں، دو ارب مسلمان آپ کی پشت میں ہوں گے۔
رپورٹ: ایس ایم عابدی
ماعت اسلامی کے تحت شاہراہ فیصل ہونے والا عظیم الشان اور تاریخی ”فلسطین مارچ“ کراچی کا تاریخی مارچ اور اتحاد امت کا بھرپور مظہر ثابت ہوا، مارچ کے لاکھوں شرکاء جن میں مرد و خواتین، بچے، بزرگ، نوجوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے، شرکاء نے امریکی و صہیونی سازشوں و کوششوں کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں و حماس کے مجاہدین کی جدوجہد سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ نرسری بس اسٹاپ سے تاحد نگاہ دور تک شرکاء کے سر ہی سرنظر آرہے تھے۔ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر، لبیک یا غزہ اور لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونجتی رہی اور شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ شاہراہ فیصل پر دونوں اطراف مارچ کے شرکاء موجود تھے ایک ٹریک مردوں کے لیے اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص تھا۔ گرمی کے باوجود خواتین کے ساتھ چھوٹے اور ننھے منھے بچے بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مارچ کا آغاز بلوچ کالونی پل سے ہوا اور شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے نرسری اسٹاپ پر پہنچے۔ مارچ کا باقاعدہ آغاز قاری منصور کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد محمد شاکر نے ہدیہ نعت رسول مقبولؐ پیش کیا اور حذیفہ مجاہد نے ترانہ پڑھا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور حافظ نعیم الرحمن کی اسٹیج آمد پر ان کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا اور پرجوش نعرے لگائے گئے۔ مارچ سے سراج الحق، حافظ نعیم الرحمان، ڈاکٹر اسامہ رضی، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر سلیم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنما ڈاکٹر صابر ابومریم، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ باقر عباس زیدی اور علامہ مبشر حسن، تاجر رہنما جنید باری و دیگر بھی موجود تھے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1088670