QR CodeQR Code

کوئٹہ، ملی یکجہتی کونسل کا فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ

12 Oct 2023 19:48

اسلام ٹائمز: فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ میں ملی یکجہتی کونسل کیجانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں علمائے دین اور مختلف مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیل کیخلاف نعرے لگا کر اسرائیلی ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے اعلان کیا کہ پاکستان میں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مذمت کے لئے ملک گیر حمایت کی جائیگی۔


رپورٹ: اعجاز علی

غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت و دہشتگردی کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ میں ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں علمائے دین اور مختلف مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی رہنماء مولانا عبدالحق ہاشمی، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، مولانا عبدالکبیر شاکر، پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی، ڈاکٹر عطاء الرحمان، سید عتیق الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔ احتجاج میں علماء کرام کے ساتھ لوگوں کی کثیر تعداد شریک تھی جنہوں نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگا کر اسرائیلی ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
 
اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی سرزمین سے یہودیوں کو نکالا جائے، فلسطینی سرزمین پر وہاں کے لوگوں کا حق ہے، بیت المقدس کی آزادی تک جہاد جاری رہے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ کے روز فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کی جائے گی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی سرزمین پر برطانیہ اور دیگر شیطانی طاقتوں نے غاصب اسرائیلیوں کو آباد کیا اور فلسطینی عوام کو انکی اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے ان پر ظلم ڈھاتے رہیں۔ انہوں نے مغربی میڈیا کی جانبدارانہ رپورٹنگ کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مجاہدین اپنی سرزمین واپس لینے کیلئے نکلے ہیں جبکہ مغرب کی میڈیا شیطانی قوتوں کے آلہ کار بنی ہوئی ہے، اپنے حقوق اور اپنی سرزمین کیلئے نکلنے والے مجاہدین کو مغربی میڈیا ظالم دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپ اسرائیلی ناجائز ریاست کی ناجائز سرپرستی کر رہے ہیں، حماس نے طوفان الاقصٰی آپریشن میں اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کو عین حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، اسرائیلوں نے سینکڑوں فلسطینی شہید کر دیئے، فلسطینی سرزمین پر ناجائز بستیاں آباد کر دیں، فلسطینوں کے پاس تنگ آمد بجنگ آمد کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل جتنا بھی ظلم کرلے فلسطینی عوام آزادی اور اپنی سرزمین سے دست بردار ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں، غزہ کے فلسطینی مجاہدوں اور حماس کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔
 
ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے اعلان کیا کہ پاکستان میں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مذمت کے لئے ملک گیر حمایت کی جائے گی، امریکہ یورپ اور اقوام متحدہ اپنی بے حسی، جانبداری، مسلم دشمنی اور صہیونی نوازی ترک کریں اور مسئلہ فلسطین انصاف اور حق کی بنیاد پر حل کیا جائے، مٹھی بھر یہودیوں کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرے، قبلہ اول کی بازیابی ملت اسلامیہ کی گردن پر قرض ہے، اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے ترک کئے جائیں، عالم اسلام اور امت کا اتحاد ہی عزت اور کامیابی کا راستہ ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1087933

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1087933/کوئٹہ-ملی-یکجہتی-کونسل-کا-فلسطین-کی-حمایت-میں-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com