QR CodeQR Code

غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے، آرمی چیف

6 Oct 2023 21:21

آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی میں اجلاس کے دوران آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے اثرات کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سرکاری محکمے غیر قانونی سرگرمیوں کے اسپیکٹرم کے خلاف کارروائیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج کراچی کا دورہ کیا اور نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی اور نیشنل ایکشن پلان، سندھ کے کچے کے علاقے میں آپریشن، سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی حفاظت، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی، غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، سندھ میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت اور گرین سندھ کے اقدامات زیر غور آئے۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سرکاری محکمے غیر قانونی سرگرمیوں کے اسپیکٹرم کے خلاف کارروائیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ وسائل کی چوری اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔


خبر کا کوڈ: 1086421

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1086421/غیر-قانونی-سرگرمیوں-کیخلاف-کارروائیاں-پوری-طاقت-کے-ساتھ-جاری-رکھیں-گے-آرمی-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com