QR CodeQR Code

12 ربیع الاول کی آمد، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیر صدارت علمائے کرام کا اجلاس

22 Sep 2023 23:50

اجلاس سے خطاب میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ نبی کریم (ص) کی ولادت باسعادت کا دن تمام مسلمانوں کے لئے سب سے اہم ترین ہے، اس دن ہم سب محسن انسانیت (ص) کی آمد کا جشن مناتے ہیں، نبی کریم (ص) کی آمد سے عرب سے جہالت کے بادلوں کا خاتمہ ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں علمائے کرام کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے انتظامات پر بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میرا نوٹیفکیشن گذشتہ سال 12 ربیع الاول کو ہوا تھا، اس وقت عہد کیا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو گورنر ہاؤس مدعو کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ نبی کریم (ص) کی ولادت باسعادت کا دن تمام مسلمانوں کے لئے سب سے اہم ترین ہے، اس دن ہم سب محسن انسانیت (ص) کی آمد کا جشن مناتے ہیں، نبی کریم (ص) کی آمد سے عرب سے جہالت کے بادلوں کا خاتمہ ہوا، آپ (ص) نے خواتین کو ان کے حقوق دیئے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آپ (ص)  نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے گذارش ہے کہ وہ اختلافات بھلا کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں، ملک اس وقت ہم سب کی جانب دیکھ رہا ہے، علمائے کرام بھی اسے معاشی مشکلات سے نکالنے میں کردار ادا کریں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تمام جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور سڑکوں کی استرکاری اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 12 ربیع الاول پر گورنر ہاؤس میں عظیم الشان محفل منعقد ہوگی اور چراغاں بھی کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1083274

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1083274/12-ربیع-الاول-کی-آمد-گورنر-سندھ-کامران-ٹیسوری-زیر-صدارت-علمائے-کرام-کا-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com