وزیراعلیٰ سندھ کی 12 ربیع الاول کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے علمائے کرام سے ملاقات
20 Sep 2023 21:00
اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کا 36 رکنی وفد شریک تھا، جس میں مفتی منیب الرحمان، زبیر اشرف عثمانی، علامہ رضی جعفر نقوی اور علامہ حسن مسعودی بھی شامل تھے۔ وزیراعلی نے صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن و آشتی کو فروغ دینے پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔
اسلام ٹائمز۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت علمائے کرام اور کراچی کی ڈویژنل انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء مبین جمانی، عمر سومرو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری حسن نقوی، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی سلیم راجپوت، ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند، سیکریٹری بلدیات منظور شیخ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ امتیاز شاہ، سی ای او کراچی واٹر سیوریج بورڈ صلاح الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کا 36 رکنی وفد شریک تھا، جس میں مفتی منیب الرحمان، زبیر اشرف عثمانی، علامہ رضی جعفر نقوی اور علامہ حسن مسعودی بھی شامل تھے۔ وزیراعلی نے صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن و آشتی کو فروغ دینے پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے مزید کہا کہ یہ علمائے کرام اور حکومت کی اجتماعی کوشش ہے کہ یہاں پر مختلف مسالک، مذاہب اور مکاتب فکر کے لوگ امن سے رہ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 12 ربیع الاول پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے میئر کراچی، کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فول پروف سیکیورٹی سمیت ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ وہ علماء کی مشاورت سے عید میلاد النبی (ص) کے انتظامات کریں۔ ایڈیشنل آئی جی نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ وہ پہلے ہی علمائے کرام سے ملاقاتیں کرچکے ہیں اور سکیورٹی انتظامات پر بات چیت کر چکے ہیں۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ اسی طرح کا ایک اور اجلاس کمشنر کراچی کی زیر صدارت بھی منعقد ہوچکا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1082876