سرینگر میں تحفظ عقیدہ ختم نبوت پر سیمینار
8 Sep 2023 19:46
اسلام ٹائمز: مقررین حضرات نے مرزا قادیانی کی متناقض عبارات جو اسکی کتابوں میں موجود ہیں، وہ خود اسکی تردید کیلئے کافی ہیں۔ قادیانیت کوئی مذہب نہیں بلکہ فتنہ ہے اور اسکے لئے اسلامی اصطلاحات کے استعمال سے گریز کیا جائے۔
رپورٹ: جاوید عباس رضوی
کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر شنکر پورہ نوگام سرینگر میں ایک روزہ ’یوم تحفظ ختم نبوت‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی قیادت کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے سربراہ مولانا مفتی مدثر احمد قادری نے کی۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و نمائندگان، جن میں مولانا شوکت حسین کینگ صدر انجمن حمایت الاسلام، مولانا پیر رحمۃ اللہ ناظم اعلٰی بزم توحید اہلحدیث جموں کشمیر، آغا ڈاکٹر سید مدثر احمد رضوی مجلس علماء امامیہ جموں کشمیر کے نمائندے، مفتی اعجاز الحسن بانڈے سربراہ مدرسہ سبیل الھدی بمنہ سرینگر، شیخ فردوس علی چیئرمین رحمۃ اللعالمین فاونڈیشن، جاوید عباس رضوی جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل و دیگر مندوبین اور نمائندگان نے شرکت کی۔
مقررین حضرات نے مرزا قادیانی کی متناقض عبارات جو اس کی کتابوں میں موجود ہیں، وہ خود اس کی تردید کے لئے کافی ہیں۔ مرزا قادیانی کی تحریروں سے واضح ہے کہ قادیانیت کوئی مذہب نہیں بلکہ فتنہ ہے اور اس کے لئے اسلامی اصطلاحات کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ شرکاء اجلاس نے یک زبان ہوکر اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم اپنی ذمہ داری کو اچھی طرح محسوس کرتے ہوئے ملت اسلامیہ کے ہر فرد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قادیانی فتنہ کے خلاف جہاں کہیں بھی ہو اٹھ کھڑا ہو اور اپنی تمام تر کوششیں اس فتنہ کو فرو کرنے میں لگا دے۔ شرکاء اجلاس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملت اسلامیہ کا ہر فرد رد قادیانیت کے موضوع پر لٹریچر کی توسیع و اشاعت میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے اپنے علاقوں میں رد قادیانیت کے لیٹریچر طبع کروا کے تقسیم کرائے۔
علامہ شوکت حسین کینگ، مولانا پیر رحمۃ اللہ اور مولانا مفتی اعجاز الحسن بانڈے نے اپنے بیان میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت بلا مسلک و مشرب اسلام کی جان اور مسلمانوں کی پہچان ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آغا مدثر احمد رضوی نے کہا اس میں کوئی شک نہیں مسلم معاشرے میں چند معاملات میں فروعی اختلاف موجود ہے لیکن اس کے باوجود اتحاد اسلامی کی سرگرمیوں میں مصروف رہنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ مفتی ضیاء الحق ناظمی نے عقیدہ ختم نبوت اور اتحاد ملت پر تفصیلی گفتگو پیش کی۔
اجلاس میں چیئرمین رحمۃ اللعالمین فاونڈیشن شیخ فردوس علی نے معاشرے میں بے راہ روی منشیات اور دیگر برائیوں کے سدباب کے حوالے سے موثر انداز میں گفتگو کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں نیک کاموں کے پھیلاؤ اور بدیوں سے اجتناب کے سلسلے میں آپسی اشتراک بڑھانا چاہیئے۔ آخر میں سیمینار کے شرکاء کا شکریہ مفتی مدثر احمد قادری نے ادا کیا اور مہمانان ذی وقار کی شمولیت کو خراج تحسین پیش کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1080545