علامہ باقر حسین زیدی کی سربراہی میں وفد کی میئر کراچی سے ملاقات
6 Sep 2023 16:30
مرکزی مجالس و جلوس عزاء کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چہلم امام حسینؑ کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں پرمٹ ہولڈرز کی شرکت یقینی بنائی جائے گی اور چہلم کی مجالس اور جلوس کے مقامات اور راستوں پر بلدیاتی مسائل حل کئے جائیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی مجالس و جلوس عزاء کمیٹی کے سرپرست علامہ باقر حسین زیدی کی سربراہی میں مختلف عزاء دار تنظیموں کے نمائندوں پر مبنی وفد نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی، وفد میں غفران مجتبیٰ، علی ناصر، جعفر بلگرامی اور حفاظت رضوی شامل تھے جبکہ میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران نشتر پارک، ایم اے جناح روڈ اور دیگر مقامات پر چہلم کی مجالس اور جلوس کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چہلم امام حسینؑ کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں پرمٹ ہولڈرز کی شرکت یقینی بنائی جائے گی اور چہلم کی مجالس اور جلوس کے مقامات اور راستوں پر بلدیاتی مسائل حل کئے جائیں گے، جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا مکمل جائزہ لے کر پائیدار عملی اقدامات کریں گے، چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوس کے راستے پر سڑکوں کی مرمت و استرکاری، اسٹریٹس لائٹس کی بحالی اور صفائی ستھرائی بنیادی مسائل ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیاتی انتظامیہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر متحرک اور فعال ہے، مل جل کر تمام کام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کو عام کرنے کی ضرورت ہے، علماء کرام اور اکابرین شہر اس سلسلے میں اپنا کلیدی ادا کریں، مذہبی تہواروں اور دیگر مواقع پر ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم آپس میں متحد ہیں اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوس کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شہری انتظامیہ اپنے فرائض سے آگاہ ہے اور علماء کرام کی مشاورت اور رہنمائی سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی کوششوں کو سراہا اور انہیں شہر کی بہتری کے لئے کئے جانے والے تمام کاموں میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ: 1080123