مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی گلگت بلتستان کے حالات پر پریس کانفرنس
5 Sep 2023 12:22
ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ایسے حالات نہ پیدا کریں کہ جسکا فائدہ ہندوستان کو ہو، عوامی حکومت کو گرا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہو کہ عوام کی رائے کی کوئی بھی وقعت نہیں ہے، ہم دعوت دیتے ہیں تمام پارٹیوں اور مقتدر حلقوں کو کہ وہ ایک مرتبہ پھر سے مل بیٹھیں اور ملک کی بہتری کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔
اسلام ٹائمز۔ چہلم سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ملک کی بگڑتی معاشی و سکیورٹی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیگر علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، انہوں نے کہا کہ ہر ملک کا دستور اس کے عوام کے درمیان رابطے کا ذریعہ اور سماجی ارتباط کا عکاس ہوتا ہے، اداروں کے درمیان اختیارات کی تقسیم دستور کے مطابق ہوتی ہے، ہمارے ملک کا آئین مقدس ہونا چاہیئے، دستور کے خلاف ذہن سازی بھی نہیں ہونی چاہیئے، ملک میں آئین بے وقعت ہوچکا ہے، آئین پر حملہ دراصل فیڈریشن پر حملہ ہے، قانون دو کوڑی کا بھی نہیں رہا، جو بھی ملکی آئین و قانون کی خلاف ورزی کرے، اس کا دماغی چیک اپ کروانا چاہیئے، عدلیہ بے اختیار کر دی گئی ہے، جب عدالتوں کو انصاف فراہم نہیں کرنے دیا جائے گا تو معاشرے میں ظلم پروان چڑھے گا، ڈالر کی قیمت مصنوعی طریقے سے بڑھائی جا رہی ہے، اشرافیہ ڈالر کی قیمت اوپر جانے پر خوش ہوتی ہے، کیونکہ انکی دولت ڈالر میں جمع ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اس وقت حالات انتہائی تشویشناک ہیں، وہاں کی عوام امن پسند ہے، وطن سے محبت کرتے ہیں، گلگت بلتستان میں ہمیشہ مشکلات رہی ہیں، انہیں آج تک حقوق نہیں دیئے گئے، ڈوگرہ راج سے اپنے زور بازو سے آزاد ہونے والوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا گیا ہے، گلگت بلتستان میں شدید مالی بحران ہے، وفاق انہیں پیسے نہیں دے رہا، پاکستان کو بچانے کے لئے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا، انا کے گھوڑے سے اتر کر پاکستان کو بچانا ہوگا، سوچی سمجھی سازش کے تحت ماحول خراب کیا جا رہا ہے۔، ایسے حالات نہ پیدا کریں کہ جس کا فائدہ ہندوستان کو ہو، عوامی حکومت کو گرا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہو کہ عوام کی رائے کی کوئی بھی وقعت نہیں ہے، ہم دعوت دیتے ہیں، تمام پارٹیوں اور مقتدر حلقوں کو چاہیئے کہ وہ ایک مرتبہ پھر سے مل بیٹھیں اور ملک کی بہتری کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1080070