مصطفی کمال کی انیس قائم خانی کے ہمراہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات
4 Sep 2023 21:04
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے متحدہ رہنما نے کہا کہ نگراں وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں براہِ راست دلچسپی لے، وفاق کراچی کے نوجوانوں کو مواقع اور سہولیات فراہم کرے وہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال اور ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں کراچی کے بجلی کے مسئلے سمیت متعدد مسائل پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سید مصطفی کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں سے فی یونٹ 3 روپے 81 پیسہ اضافی چارج کرنا کھلی زیادتی ہے جسے بند ہونا چاہیئے، پاکستان کو درپیش معاشی بدحالی سے IMF نہیں بلکہ صرف کراچی نکال سکتا ہے، پچھلے 15 سالوں میں صوبائی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں براہِ راست دلچسپی لے، وفاق کراچی کے نوجوانوں کو مواقع اور سہولیات فراہم کرے وہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رہائشی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو اس بحران سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایم کیو ایم وزیراعظم کے مثبت اقدامات کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مصطفی کمال کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی سطح پر اقدامات کی یقین دہانی کروائی، وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی میں کراچی کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع اور سہولیات دینے کی تجویز کی تائید کی۔
خبر کا کوڈ: 1079934