ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات
13 Jul 2023 14:44
ملاقات کے دوران مراد علی شاہ اور ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے اتفاق کیا کہ اس سال سندھ تا ایران زائرین کو بسوں اور اپنی گاڑیوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، یہ بسز اور گاڑیاں کراچی سے چابہار براستہ سڑک جائیں گی۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں تھیلسیما، امراض قلب اور دیگر امراض کے سندھ میں ماہرین کو مہارت ہے وہ ایران کے ساتھ مل کر کام کریں گے، سندھ کے طبی ماہرین ایران کے ساتھ مل کر کام کیں گے۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ اور ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے اتفاق کیا کہ اس سال سندھ تا ایران زائرین کو بسوں اور اپنی گاڑیوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، یہ بسز اور گاڑیاں کراچی سے چابہار براستہ سڑک سے جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت جاری کی کہ سندھ تا ایران براستہ سڑک جانے کیلئے طریقہ کار بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ تا ایران براستہ سڑک سفر کرنے سے دوطرفہ سیاحت میں اضافہ ہوگا، وزیر خارجہ سے درخواست کریں گے کہ کراچی تا چابہار راستہ کھولنے کیلئے اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ: 1069380