سرینگر میں ’قرآن محور وحدت اسلامی‘ کانفرنس کا انعقاد (ویڈیو رپورٹ)
17 Apr 2023 23:17
اسلام ٹائمز: کانفرنس میں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان اعلیٰ مولانا مشتاق احمد محی الدین حق نواز نے کہا کہ کونسل کا بینادی ہدف مسلمانوں کے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و انسجام ہے، یہ کانفرنس اس کی ایک اہم کڑی تھی۔
رپورٹ: جاوید عباس رضوی
انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد غوثیہ برتھنہ قمرواری سرینگر میں اپنی نوعیت کی دوسری کانفرنس بعنوان ’’قرآن محور وحدت اسلامی‘‘ منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے جید مفتیان کرام و مشائخ اور دانشور نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ قرآن کریم سے تمسک کے نتیجے میں مسلمانان عالم کے تمام تر مسائل کا حل یقینی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ عہد کریں کہ متحد ہوکر قرآنی معاشرے کی تشکیل میں اپنی دینی ذمہ داری انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کتاب ہدایت کے ساتھ ساتھ منشورِ وحدت بھی ہے۔ قرآن محور وحدت اسلامی کانفرنس سے مفتی مدثر احمد قادری اشرفی، مولانا مشتاق احمد محی الدین حق نواز، مولانا مقبول حسین قمی، غلام محمد میر نے موضوع کی مناسبت پر تفصیلی گفتگو کی۔ کانفرنس میں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان اعلیٰ مولانا مشتاق احمد محی الدین حق نواز نے کہا کہ کونسل کا بینادی ہدف مسلمانوں کے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و انسجام ہے، یہ کانفرنس اس کی ایک اہم کڑی تھی۔ انہوں نے آئندہ بھی ایسے بین المسالک سیمینارز و کانفرنسز کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔ اس دوران انہوں نے شرکاء و مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اس لحاظ سے بھی اہم ہے کیونکہ اس میں تمام مسالک و مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پروگرام کے اختتام پر روزہ داروں نے ایک ہی دسترخواں پر افطاری کی اور باہمی ملنساری کا ثبوت پیش کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1052969