کوئٹہ، ماہ مبارک رمضان کی مناسبت پر محافل تلاوت قرآن پاک کا سلسلہ جاری
30 Mar 2023 22:27
اسلام ٹائمز: شہر کے مختلف مذہبی مراکز، مساجد اور امام بارگاہوں میں ماہ رمضان المبارک کے موقع پر محفل تلاوت قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں قراء، علمائے دین، بچے اور بزرگ شرکت کرتے ہیں۔
رپورٹ: اعجاز علی
ماہ رمضان المبارک کے موقع پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف مساجد و امام بارگاہوں اور دینی مراکز میں ترتیل قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں شہر کے ممتاز قراء روزانہ کی بنیاد پر اللہ تعالیٰ کے کلام پر مبنی مقدس کتاب قرآن مجید کے ایک پارے کی تلاوت کرتے ہیں۔ قرآن پاک پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آل و سلم کا وہ معجزہ ہے۔ جو رہتی دنیا تک انسانیت کی فلاح کا باعث بن رہا ہے۔ اس کا نزول بھی ماہ مبارک رمضان میں ہوا اور اس مبارک مہینے میں قرآن پاک کی ترتیل کا یہ سلسلہ ماہ صیام کی نعمتوں کو دوبالا کر رہا ہے۔ محفل ترتیل کا اہتمام مختلف مساجد، امامبارگاہوں اور دینی مراکز میں کیا جاتا ہے۔ جس میں مسجد خاتم الانبیاء، مسجد و امامبارگاہ سید آباد، مسجد و امامبارگاہ فاطمیہ، مسجد و امامبارگاہ مومن آباد، مسجد و امامبارگاہ ناصر آباد ہزارہ، مسجد و امامبارگاہ شاہ خراسان، مسجد و امامبارگاہ بلتستانی، مسجد و امامبارگاہ قندھاری، مسجد و امامبارگاہ ولی عصر، مسجد و امامبارگاہ علی ابن ابی طالب، مصباح ایجوکیشنکل اکیڈمی اینڈ ویلفئیر سوسائٹی، باب القرآن شاہ خراسان، مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالب اور فاطمیہ اسلامک سینٹر شامل ہیں۔
مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے تلاوت قرآن کی پرنور محفل میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اور ہر عمر کے افراد شرکت کرتے ہیں۔ جہاں علمائے دین، بچے، جوان اور بزرگ ایک ہی صف میں بیٹھے اللہ تعالیٰ کے خوبصورت کلام کی تلاوت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ شرکاء انتہائی دلچسپی کے ساتھ قرآن پاک کی خوبصورت آیات کو پڑھتے ہوئے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے حسن و جمال اور خوبصورت کلام کی تعریف کرنے سے نہیں روک پاتے۔ بعض مقامات پر تلاوت قرآن پاک کے بعد علمائے دین بھی خطاب کرتے ہیں۔ جو شرکاء کو ماہ رمضان المبارک کی فضیلت بیان کرتے ہوئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تاکید کرتے ہیں۔ قرآن پاک کی تلاوت کا یہ سلسلہ ماہ صیام کے آخر تک جاری رہے گا۔ جس کے دوران بعض مقامات پر قرآن پاک کے تیس پاروں کی تلاوت کرکے قرآن پاک کو ختم کر دیا جائے گا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1049636