امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کے تحت جبری گمشدہ شیعہ افراد کے بچوں میں تحائف کی تقسیم، ویڈیو رپورٹ
28 Feb 2023 23:49
اسلام ٹائمز: امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے پروفیسر سہیل قاسم اور مینیجمنٹ گلستان سوسائٹی ظفر کاظمی نے جبری گمشدہ شیعہ افراد و اسیران ملت جعفریہ کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے، بچوں میں تقسیم کئے گئے تحائف میں لیپ ٹاپ اور سائیکلیں شامل تھے۔
رپورٹ: سید ظفر جعفری
ایام ہائے ولادت باسعادت حضرت امام حسین علیہ السلام، جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا و حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی مناسبت سے امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام گلستان سوسائٹی کراچی میں جبری گمشدہ شیعہ افراد و اسیران ملت جعفریہ کے بچوں کیلئے تقریب تقسیم تحائف کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں جبری گمشدہ شیعہ افراد و اسیران ملت جعفریہ کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن سے تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد ماسٹر حسین نے بارگاہ اہلبیتؑ میں منقبت خوانی کرتے ہوئے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے حیدر عباس نے امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کی فعالیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سُہیل قاسم نے حضرت امام خمینیؒ کی معروف کتاب چہل حدیث سے آزمائش اور صبر سے متعلق گفتگو کی۔
امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کے روح رواں شکیل عباس نے تقریب تقسیم تحائف سے متعلق شرکاء سے گفتگو کی۔ بعد ازاں امام حسینؑ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے پروفیسر سہیل قاسم اور مینیجمنٹ گلستان سوسائٹی ظفر کاظمی نے جبری گمشدہ شیعہ افراد و اسیران ملت جعفریہ کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے، بچوں میں تقسیم کئے گئے تحائف میں لیپ ٹاپ اور سائیکلیں شامل تھے۔ تحائف ملنے پر جبری گمشدہ شیعہ افراد کے بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب تقسیم تحائف کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ: 1043962