QR CodeQR Code

سندھ کے گورنر، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء سمیت دیگر ممالک کے سفیروں کی شرکت

ایران قونصلیٹ کراچی میں اسلامی انقلاب کی 44ویں سالگرہ کی تقریب

12 Feb 2023 21:19

اسلام ٹائمز: تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور پھر پاکستان اور ایران کے قومی ترانوں کی دھنیں بجا کر کیا گیا۔ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہزاروں جانوں کے نقصان اور فوری امداد کی ضرورت اجاگر کرنے کیلئے ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے اپنے خطاب کے آغاز پر ہی شرکاء سے کہا کہ وہ اس سانحہ کی یاد میں اپنی نشستوں سے احتراماً کھڑے ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔


رپورٹ: ایس ایم عابدی

ایران میں امام خمینی کی قیادت میں آنے والے اسلامی انقلاب کی 44ویں سالگرہ اور قومی دن کی شاندار تقریب کراچی میں ایران کے قونصل خانے میں منعقد ہوئی، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام اور اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، کراچی کے کمشنر اقبال میمن  اور قطر، کویت، الجزایر انڈونیشیا، جاپان، ویت نام، سری لنکا، جنوبی کوریا، ترکی، عمان، روس اور تهایی لینڈ کے سینئر سفارت کاروں نے بھی اس جشن میں شرکت کی۔ تقریب میں کراچی چیمبر آف کامرس کے عہدیداران، علمائے کرام اور شہر کے اکابرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ  سمیت دیگر وزراء نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور پھر پاکستان اور ایران کے قومی ترانوں کی دھنیں بجا کر کیا گیا۔ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہزاروں جانوں کے نقصان اور فوری امداد کی ضرورت اجاگر کرنے کیلئے ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے اپنے خطاب کے آغاز پر ہی شرکاء سے کہا کہ وہ اس سانحہ کی یاد میں اپنی نشستوں سے احتراماً کھڑے ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔ اس موقع پر تقریب میں حسن نوریان نے سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور فوجی شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ انقلاب اسلامی کی فتح کی 44 ویں سالگرہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی 76ویں سالگرہ ہے اور دونوں دوست ممالک تمام شعبوں خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ حسن نوریان نے کہا کہ ایرانی قوم کے بدخواہ ہمیشہ ہمارے معاشرے میں مایوسی اور تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اسلامی انقلاب سے 44 سال گزرنے کے باوجود ایران کے غیرت مند عوام انقلاب کے اقدار پر پابند ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


خبر کا کوڈ: 1040938

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1040938/ایران-قونصلیٹ-کراچی-میں-اسلامی-انقلاب-کی-44ویں-سالگرہ-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com