کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن و کانفرنس کا انعقاد
16 Feb 2023 01:22
اسلام ٹائمز: پروگرام میں بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکہ، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بسا، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37 بین الاقوامی وفود نے بھی شرکت کی۔
رپورٹ: ایس ایم عابدی
پاک بحریہ کے تحت کثیر القومی مشقوں ’’امن 23‘‘ کے سلسلہ میں ترتیب دیئے گئے پروگرام ’’پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن و کانفرنس‘‘ کا پہلا ایڈیشن کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوا۔ نمائش میں 133 مقامی و بین الاقوامی ادارے اور کمپنیز کے نمائش کنندگان نے شرکت کی، جن میں 21 غیر ملکی اور 112 ملکی ادارے اور کمپنیز شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکہ، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بسا، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37 بین الاقوامی وفود نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی مختلف نشستوں میں وزیر خارجہ بلول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر فیصل سبزواری، مشاہد حسین سید اور احسن اقبال سمیت دیگر فوجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت بحری امور اسد رفیع چندنا کے ہمراہ گفتگو میں کہا کہ نمائش کا اہم پہلو سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی فعال شرکت تھا جن کی جانب سے نمائش میں خصوصی پویلین قائم کئے گئے تھے جس کا مقصد ملکی میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔ نمائش کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کی بلیو اکانومی کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور میری ٹائم انڈسٹری کے پبلک اور پرائیویٹ دونوں شعبوں کو ایک فورم پر مصنوعات کی نمائش کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ میری ٹائم نمائش کے ساتھ ساتھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام ایک انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔ کانفرنس کا عنوان 'بلیو اکانومی کا فروغ - ترقی پذیر ممالک کے لئے چیلنجز اور مواقع' تھا۔ کانفرنس کو 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا جس میں قومی اور بین الاقوامی نامور مقررین نے 27 مقالے پیش کئے۔ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس کا انعقاد کثیر القومی مشق امن 2023 کے ساتھ کیا گیا، جس میں 50 بحری افواج کے 122 سے زائد مندوبین کو اس ایونٹ کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس کے باعث مقامی نمائش کنندگان کو دنیا بھر سے آنے والے شرکاء کے ساتھ بات چیت کے بہتر مواقع میسر آئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1040781